مذاکرات، وزیر اعظم نے گونگلوں سے مٹی جھاڑ ی ، تھنک ٹینک

 مذاکرات، وزیر اعظم نے گونگلوں سے مٹی جھاڑ ی ، تھنک ٹینک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک کے شرکا نے کہا ہے کہ اب تک پہلے والے مذاکرات کی ایک بات بھی سامنے نہیں آسکی،اب پھر کوئی ڈرامہ کرنا ہے کیا؟۔

وزیر اعظم نے جو ابھی ڈائیلاگ کی پیش کش کی ہے یہ صرف انہوں نے گونگلوں سے مٹی جھاڑ ی ہے ،معروف تجزیہ کا ر حسن عسکری نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے پہلے بھی ڈائیلاگ کی پیش کش ہوئی تھی،پھر کچھ مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا،بعد میں بات چیت بند ہو گئی تھی،بات آگے نہیں بڑھی۔ پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر وزیر اعظم سنجیدہ ہیں تو انہیں دو تین چیزوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،وزیر اعظم کو یہ بات طے کرنی ہو گی کہ ایجنڈا کیا ہے ، تجزیہ کا ر سلمان غنی نے کہا کہ سیاسی بحران کا حل ڈائیلاگ ہے ،ملکی مسائل حل کرنا اور سیاسی بحران کو ختم کرنا یہ وزیر اعظم کی ذمہ داری ہوتی ہے ،وزیر اعظم شہباز شریف نے کچھ دن پہلے بھی تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیش کش کی تھی، بانی تحریک انصاف کبھی بھی ڈائیلاگ کی بات نہیں کرتے ،بانی تحریک انصاف خود وزیر اعظم رہے ،اس نے تین سال حکومت کی اس وقت بھی کسی سے بات کرنے کو تیار نہیں تھے ۔

تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا کہ پہلے بھی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے ، پھرسوال پیدا ہوتا ہے کہ طے کیا پا یاتھا، مذاکرات میں تعطل کس لیے آیا؟،اس کا جواب حکومت کو دینا چاہیے تھا،وزیر اعظم نے اسد قیصر اور بیرسٹر گوہر کو مذاکرات کی پیش کش کی تھی اس کا فیصلہ یہ لوگ نہیں کرسکتے ،اس کا فیصلہ بانی تحریک انصاف نے کرنا ہے۔ معروف تجزیہ کا ر عثمان شامی نے کہا کہ ماضی میں بھی نوازشریف اور بے نظیربھٹو کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے ،انہوں نے مل بیٹھ کر کچھ چیزیں طے کی تھی،جس سے سیاست کا درجہ حرارت کم ہو گیا تھا،،وزیر اعظم مذاکرات پر سنجیدہ نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں