پی ٹی آئی احتجاج نہیں کریگی، کیا تو ناکام ہوگا:تھنک ٹینک
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کا ر سلمان غنی نے کہا ایک وقت یہ بھی تھا کہ تحریک انصاف کی اصل پہچان احتجاجی تحریک اور مزاحمتی کردار ہوا کرتا تھا۔
ماضی میں تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک میں پیچھے سے تھپکی ہوا کرتی تھی، 9 مئی کے بعد سب کچھ بدل گیا ہے ،9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے ، 9مئی واقعے کے بعد پاکستان کا سیاسی نظام کمزور ہوا،10 محرم کے بعد بھی تحریک انصاف احتجاج نہیں کر پائے گی، کیونکہ ان کا ورکر احتجاج کیلئے تیار نہیں ہے ،ہر ماہ احتجاج کی کال دینے سے بھی ورکرز اکتا چکے ہیں۔تجزیہ کا ر حفیظ اللہ نیاز ی نے کہا مجھے اس کا علم نہیں ہے کہ تحریک انصاف احتجاج کیوں کرنا چاہتی ہے ،تحریک انصاف نے تین سال میں کئی احتجاج کئے کسی ایک میں بھی کامیابی نہیں مل سکی،تحریک انصاف کے جو بھی احتجاج تھے بری طرح ناکام ہوئے ،10 محرم کے بعد تحریک انصاف اگر احتجاج کرتی بھی ہے یہ بھی ناکام ہو گا، ہم یہی کہیں گے کہ تحریک انصاف اس شدید گرمی میں اپنے کارکنوں کو خوار نہ کرے ۔
تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا ہے کہ 10 محرم کے بعد اگر عمران خان احتجاج کا حکم دیتے ہیں تو کارکن ضرور باہر نکلیں گے ،پاکستان میں جو مزاحمتی تحریکیں ہیں، ان کی اپنی ایک تاریخ ہے ،حکومت کا تختہ الٹ کرنا ان کی کامیابی یا ناکامی کا پیمانہ نہیں ہے ۔ تجزیہ کا ر عثمان شامی نے کہا تحریک انصاف پہلے بھی احتجاج کرچکی ہے اس کو اس کے مطلوبہ نتائج نہیں مل سکے ،تحریک انصاف اگر احتجاج کرتی بھی ہے اس کے دواہداف ہونگے ، ایک عمران خان کی رہائی، دوسرا حکومت کو گرانا، عمران خان جیل سے نکلنا عدالتی فیصلے سے ممکن ہو گا،مذاکرات سے اگر معاملہ طے ہوجاتا ہے تو عمران خان کی رہائی ممکن ہے ،ورنہ نہیں،دوسرا یہ ہے کہ احتجاج سے حکومت نہیں گر سکتی۔