موسلادھار بارش ،راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ
اسلام آباد(نیوزایجنسیاں )جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے لگا۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ۔
واسا کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سیدپور کے مقام پر سب سے زیادہ 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق 10جولائی تک پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور پوٹھوہار ریجن میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوسکتی ہے جبکہ نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق 6 سے 8 جولائی کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے تاہم اس سسٹم سے کراچی سمیت سندھ میں بارش کا امکان نہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کے پی اور گلگت بلتستان میں گلیشیئرز پگھلنے سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں سیلاب کا خدشہ ہے ۔