تربیلا سپل ویز کھولنے سے دریائے سندھ میں سیلاب، آج ، کل لاہور گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

تربیلا سپل ویز کھولنے سے دریائے سندھ میں سیلاب، آج ، کل لاہور گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد(ذیشان یوسفزئی)مون سون بارشوں کی وجہ سے مختلف مقامات پر سیلاب اور طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا، آج اور کل لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے۔

فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے کابل سے ندیوں اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلوں کا بھی خدشہ ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پردودن اونچے درجے کا سیلاب ہوسکتا ہے، دریائے جہلم میں آج سے اونچے درجے کا سیلاب ہوسکتا ہے۔ دریائے چناب اور راوی کے نالوں اور بلوچستان کے مشرقی دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے ، تمام متعلقہ ادروں اور ذمہ داروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارشوں میں الرٹ رہیں اور جو وارننگز جاری کی گئیں اس سے پہلے اقدامات کریں تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہوسکے ۔ دوسری جانب وزارت آبی وسائل اور فیڈرل فلڈ کمیشن کی جانب سے عندیہ دیا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت کے اضافے سے گلیشیئرزوقت سے بہت پہلے پگھل سکتے ہیں جس سے شمالی علاقہ جات میں سیلابی صورتحال بن جائیگی ۔ پختونخوا اور گلگت بلتستان کے گلیشیئرز آنے والے ہفتے میں درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے وقت سے پہلے پگھلیں گے جس کی وجہ سے گلیشئل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (گلوف)اور فلیش فلڈز کے واقعات کا خدشہ ہے۔

اسلام آباد ،راولپنڈی، اٹک (نامہ نگار، نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)تربیلا ڈیم کے تمام سپل وے کھولنے سے دریائے سندھ میں کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ، حکومت نے کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے ، ریسکیو اداروں اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رہنے اورلوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کردی جبکہ طوفانی ہواؤں اور تیزبارش کے باعث مختلف حادثات کے دوران 14افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق اٹک کی تحصیل حضرو فارمولی کے مقام پر 2 منزلہ پولیس چوکی دریا برد ہوگئی ۔ڈیرہ غازی خان میں وڈورندی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے ۔ حیدرآباد میں نیو پھلیلی کینال میں 40 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا ۔ گھوٹکی میں قاضی نہر میں 25 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے نہر میں پانی کی ترسیل روک دی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت دی کہ سیلاب کے خطرے والے علاقوں کے عوام کو بروقت متنبہ کیا جائے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے ، ریسکیو ادارے اور انتظامیہ ہائی الرٹ رہیں ۔

اٹک اور ڈی جی خان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے ،انہوں نے کہاکہ نشیبی علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے ۔تیز بارشوں، طوفانی ہواؤں اورآسمانی بجلی گرنے سے بلوچستان میں ایک بچی سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے ۔ ضلع لورالائی اور ضلع سوراب میں متعدد گھروں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مختلف حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر2بچوں اور 2خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا۔ صوبہ سندھ میں تھر پارکر کے پہاڑی علاقے کارونجھر پر ریلے میں پھنسے 11 میں سے 10 سیاحوں کو بچا لیا گیا جب کہ ایک شخص ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ راولپنڈی کی تحصیل کلر سیداں کے نواحی علاقے چوآ خالصہ میں برساتی نالے میں نہاتے ہوئے 3 بچے ڈوب کرجاں بحق ہوگئے ۔ راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں شدیدبارش سے گھر کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر ایک بچہ جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ چنیوٹ کے نواحی علا قہ موضع حاجی عثمان کے قریب 18سالہ امیر خان دریائے چناب میں نہاتے ہوئے ڈوب کرجاں بحق ہو گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں