پاکستان اور افغانستان میں مذاکرات، سہ ملکی ریل معاہدہ کیلئے ٹھوس کوششوں پر اتفاق
اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان اور افغانستان کی وزارت خارجہ کے درمیان ایڈیشنل سیکرٹری سطح کے میکنزم کا افتتاحی دور اسلام آباد میں ہوا جس میں 19 اپریل کو پاکستانی نائب وزیراعظم،وزیر خارجہ کے دورہ کابل میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد پر غور کیا گیا۔
دونوں ملکوں نے دہشتگردی کو علاقائی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ تسلیم کیا۔ پاکستان نے افغان سرزمین پر سرگرم دہشتگرد گروپوں کے خلاف ٹھوس کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ایسے گروہ پاکستان کی سلامتی کیلئے نقصان دہ اور علاقائی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولت کیلئے پاکستان کے نائب وزیراعظم،وزیر خارجہ کے دورہ کابل کے دوران اعلان کردہ اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا جن میں 10 فیصد پروسیسنگ فیس کا خاتمہ، انشورنس گارنٹی کی فراہمی، سکیننگ اور ایگزامینیشن میں کمی اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فعال کرنا شامل ہے ۔ فریقین نے ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے فریم ورک معاہدہ کو جلد حتمی شکل دینے کیلئے ٹھوس کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔