وفاقی وزیر معین وٹو کو تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے پر بریفنگ
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ترجیحی بنیادوں پر نیشنل گرڈ میں کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی شامل کرنے کیلئے پر عزم ہے، تاکہ بجلی صارفین کو ریلیف ملے اور قومی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے سمیت واپڈا کے زیر تعمیر میگا ہائیڈروپاور پراجیکٹس حکومت کے کم لاگت بجلی پیدا کرنے کے پروگرام کے ترجیحی منصوبے ہیں اور وزارت آبی وسائل ان منصوبوں کی بر وقت تکمیل کیلئے واپڈا کو بھر پور تعاون فراہم کر رہی ہے ۔وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار 1530 میگاواٹ کے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر کو تمام سائٹس پر بریفنگ دی گئی اور انہیں اہم اہداف کی ٹائم لائن کے بارے میں بھی بتایا گیا۔