نجی ایئرلائن کی غفلت، کراچی جانیوالے مسافر کو جدہ پہنچا دیا
لاہور،کراچی (نیوز رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ایئرلائن ائیر سیال کی سنگین غفلت کے باعث لاہور سے کراچی جانے والا مسافر غلطی سے جدہ جا پہنچا۔
واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اسٹیشن منیجر کو خط ارسال کر دیا، جس میں متعلقہ ایئرلائن کے خلاف کارروائی اور بھاری جرمانے کی سفارش کی گئی ہے ۔متاثرہ مسافر کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر کراچی جانے کے لیے بورڈنگ کے دوران دو طیارے موجود تھے ، غلط رہنمائی کے باعث وہ جدہ جانے والی پرواز میں سوار ہوگیا۔ طیارے میں داخلے کے بعد جب اس نے ایئرہوسٹس کو ٹکٹ دکھایا تو کسی نے غلطی کی نشاندہی نہیں کی۔ مسافر نے بتایا کہ اس کے پاس پاسپورٹ یا ویزہ موجود نہیں تھا اور دو گھنٹے بعد جب اس نے عملے سے پوچھا کہ کراچی کیوں نہیں پہنچے ، تو عملہ بھی حیران رہ گیا۔ایئرپورٹ مینیجر نے نجی ایئرلائن کو اس غفلت کا مکمل ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ایئرلائن کی لاپرواہی اور ناقص سسٹم کی واضح مثال ہے ۔ متاثرہ مسافر نے شکایت کی کہ عملے سے رابطے پر الٹا اسے ہی غلطی کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا اور کراچی پہنچانے کے لیے دو سے تین دن لگنے کا کہا گیا۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس سنگین واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت کی مرتکب ایئرلائن کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ، جبکہ ایف آئی اے نے انکوائری کا آغاز بھی کر دیا ہے ۔