پختونخوا میں ان ہاؤس تبدیلی، مولانا، کنڈی، خٹک کی مشاورت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن اور صوبے میں ان ہاؤس تبدیلی کے معاملے میں اپوزیشن کے رابطوں میں تیزی آ گئی۔
مولانا فضل الرحمن، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعظم کے مشیر پرویز خٹک کی ملاقات ہوئی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی۔ ضم شدہ اضلاع کے مسائل، سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کی حکمت عملی پر غور کیاگیا،ملاقات میں وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے حوالے سے قبائلی عوام کے تحفظات پر گفتگو ہوئی۔ فضل الرحمن اور گورنر فیصل کریم کنڈی نے پرویزخٹک کی ہمشیرہ کی وفات پر ان کے حجرے مانکی شریف آکر تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ قبل ازیں وفاقی وزیرِ امور کشمیر امیر مقام نے گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی سے پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صوبے کی امن و امان کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹ کے انتخابات اور اپوزیشن کی حکمتِ عملی پر غور بھی کیا گیا، ملاقات میں ارکان اسمبلی سے رابطوں کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔