صدر سے وزیراعظم کی ملاقات:ملکی استحکام ،ترقی اور خوشحالی کیلئےمل کر کام کرنیکا عزم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار، دنیا نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثنائاللہ خان بھی شریک تھے ۔آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان کی صورتحال اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے معیشت کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات سے صدرِ مملکت کو آگاہ کیا۔دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں دانش سکولز اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے پیش رفت پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دانش سکولز اور دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں ڈیجیٹل اور جدید کلاس رومز پر زیادہ سرمایہ کاری کی جائے ۔بطور خادم پاکستان، قوم کے بچوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت دینا اپنی اولین ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ ملک بھر میں دانش سکولز کے قیام سے ہزاروں بچے مستفید ہوں گے ۔ معاشی طور پر کمزور طبقے کے بچوں کی خدمت کا جو خواب دیکھا، وہ شرمندۂ تعبیر ہو رہا ہے ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ دانش سکولز میں اساتذہ کو بہترین پیکیج فراہم کیا جائے ۔
اساتذہ اور سٹاف کی بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کو مرکزی اہمیت دی جائے ۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دانش سکولز کی تعمیر پر کام کو تیز کیا جائے اور دانش یونیورسٹی میں عالمی معیار کے جدید علوم کی تعلیم پر توجہ مرکوز کی جائے ۔اللہ کے فضل و کرم سے پنجاب میں دانش سکولز کی صورت میں جو پودا لگایا تھا، وہ تناور درخت بن چکا ہے ۔ غریب و متوسط طبقے کے سینکڑوں طلبا دانش سکولز سے فارغ التحصیل ہو کر دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ ہر طبقے کو اعلیٰ تعلیم و تربیت کے یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کُری، اسلام آباد میں دانش سکول کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے ، جسے رواں برس کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ گلگت بلتستان میں سلطان آباد، گھانچے اور استور میں دانش سکولز کی تعمیر پر بھی کام تیزی سے جاری ہے ، جن پر کام آئندہ برس مکمل کر لیا جائے گا۔آزاد کشمیر میں باغ اور بھمبر میں دانش سکولز پر کام شروع ہو چکا، جبکہ شاردہ، نیلم میں دانش سکول کا پی سی ون منظور ہو چکا ہے اور تعمیری کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ بلوچستان میں سبی، موسیٰ خیل، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور ڈیرہ بگٹی میں دانش سکولز کا پی سی ون منظور ہو چکا ہے ، جبکہ حب میں دانش سکول کی تعمیر کی فزیبلٹی پر کام جاری ہے ۔ چترال، کراچی اور ٹنڈو محمد خان میں دانش سکولز کی تعمیر کے لیے زمین کا انتخاب ہو چکا ہے ، جبکہ ان کی فزیبلٹی اور دیگر اقدامات پر کام تیزی سے جاری ہے ۔
اسلام آباد،راولپنڈی (نامہ نگار، خصوصی نیوز رپورٹر، دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں دفاعی معاہدے کے نفاذ کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔شہباز شریف نے انڈونیشی وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیافری سمسودین سے ملاقات میں انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کے ساتھ قاہرہ میں G-8 سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنی خوشگوار ملاقات کو یاد کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان گہرے تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ ثقافت، مذہب اور تاریخی رشتوں پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔وزیراعظم نے پاکستان کے انڈونیشیا کے ساتھ اقتصادی و تزویراتی تعلقات، تجارت، دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں سمیت تمام میدانوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے کثیر الجہتی دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی فائدہ مند منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے انڈونیشیا کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا اور دونوں رہنماؤں نے اس معاہدے کے نفاذ کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔سیافری سمسودین نے انڈونیشیا کے صدر کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے انڈونیشیا کی پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں، خصوصاً دفاعی پیداوار میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔دریں اثنا، انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کے تقاضوں اور فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو بڑھانے کے لیے انڈونیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔