لاہور سمیت ملک بھر میں طوفانی بارشیں،12افراد جاں بحق ،درجنوں زخمی
لاہور، حیدرآباد، پشاور (اپنے کامرس رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں)مون سون بارشوں میں شدت آ گئی، لاہور سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روزمسلسل کئی گھنٹے تیز بارش سے جل تھل ایک ہوگیا ، نشیبی علاقے ڈوب گئے۔
سڑکیں تالاب میں منظر پیش کرنے لگیں ،کئی علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے گھر میں داخل ہوگیا،بارش کے باعث مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔پشاور میں آسمانی بجلی گرنے اور دیگر حادثات کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے ، جبکہ پاکپتن میں کرنٹ لگنے سے ایک بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں بوسیدہ چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔لاہور کے مختلف علاقوں مسلم ٹاؤن، کلمہ چوک، بیدیاں روڈ، گلبرگ، کینٹ اور ایئرپورٹ کے اطراف میں شدید بارش ہوئی۔ دیگر شہروں میں قصور، پاکپتن، کمالیہ، چنیوٹ، جھنگ، ننکانہ صاحب، وہاڑی، عبدالحکیم، چشتیاں، منڈی صادق آباد، منچن آباد، سرگودھا اور کندیاں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔لاہور میں تیز بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا، درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے ۔ ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی شکایات میں اضافہ ہوا جبکہ سٹاف کی کمی کے باعث انفرادی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن نہ ہو سکا۔ صارفین بجلی کی بحالی کے لیے دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہو گئے ۔چیف ایگزیکٹو لیسکو، رمضان بٹ نے بتایا کہ بارشوں کے دوران تمام فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔
افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کی فوری بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ صارفین سے بھی گزارش ہے کہ بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس سے حبس میں کمی اور گرمی کی شدت کم ہو گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاالدین اور ڈی جی خان میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے ۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) خیبرپختونخوا کے مطابق شدید بارشوں اور آسمانی بجلی کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور چار بچے شامل ہیں۔فیصل آباد کے علاقے چک نمبر 375 گ ب جنڈ والی میں بارش کے باعث چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور دو بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے ۔ نواحی گاؤں 85/ڈی میں بوسیدہ چھت گرنے سے چار سالہ معین ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا جبکہ یسین اور اس کی 6 سالہ بیٹی نورین شدید زخمی ہو گئے ۔اوکاڑہ کے نواحی علاقے چک نمبر 6 فور ایل میں بانسوں سے بنا ایک چھپڑ گرنے سے 3 بچے (9 سالہ حسن، 10 سالہ عدنان، 10 سالہ فیضان)، 11 سالہ شازیہ اور 35 سالہ شاہد شدید زخمی ہو گئے ۔ پاکپتن میں چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے ۔این ڈی ایم اے نے آئندہ 2 سے 3 دنوں کے دوران شدید بارشوں کے باعث شہری سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تمام اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔