ہسپتالوں میں مانیٹرنگ کے لیے سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ قائم

ہسپتالوں میں مانیٹرنگ کے لیے سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ قائم

لاہور (سیاسی نمائندہ ) پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مانیٹرنگ کے لئے سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ قائم کر دیا گیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سرکاری ہسپتالوں کی مانیٹرنگ اور چیکنگ رپورٹ پر 24گھنٹے میں ایکشن کی ہدایت کر دی ہے ۔

تین سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر جلد کام شروع کردیں گے ۔سی ایم ہیلتھ ویجی لینس سکواڈ میں ڈاکٹر،فارماسسٹ،بائیو میڈیکل انجینئر، بجٹ اکاؤنٹ آفیسر، ڈیٹا ایکسپرٹ اور دیگر شامل ہوں گے ۔سی ایم ویجی لینس سکواڈ،ہسپتالوں میں میڈیسن،ڈیوٹی روسٹر، کلینکل سروسز، بائیومیڈیکل آلات اور دیگر امور چیک کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے سرویلنس ٹیم کے لئے جامع چیک لسٹ تیار کرنے کی ہدایت کی اور محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے زیرا ہتمام خصوصی ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ میں ضلع، تحصیل ہسپتالوں اورمراکز صحت کے لئے الگ الگ یونٹ قائم ہونگے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ میں سرویلنس روم24/7 کام کرے گا۔ اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں گیسٹروانٹیسٹینولوجی سروسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سروسز ہسپتال میں گیسٹروانٹیسٹینولوجی سنٹر بنایا جائے گا۔ تحصیل اور ڈسٹرکٹ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ کی اپ گریڈیشن اور ٹراما سنٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ فیصل مسعودٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں خصوصی ٹراما سنٹر بنایا جائے گا۔

گوجرانوالہ کے ٹیچنگ ہسپتال میں کارڈیالوجی وارڈ قائم ہوگا۔ ملتان کے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں 4 آپریشن تھیٹرز کو جدید طبی آلات کے ساتھ فنکشنل کیا جائے گا۔ بی ایس این ڈگری حاصل کرنے والے نرسز کو سرکاری ہسپتالوں میں بامعاوضہ انٹرن شپ ملے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی پر مفصل رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ مریضوں کے لئے ویٹنگ روم/ایریا بنانے اور ویٹنگ روم میں بیٹھنے کی سائے دار جگہ، پینے کا ٹھنڈا پانی اور پنکھے وغیرہ لگانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مریم نواز ہیلتھ کلینک کی ری ویمپنگ اور آؤٹ سورسنگ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مہنگائی، تجاوزات اور قبضہ مافیا کے سدباب کیلئے پیرا کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا اور مون سون کے دوران حکومت پنجاب کے موثر اقدامات کو سراہا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیرا جیسے ادارے کے قیام سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ پنجاب کے ہر فرد کی فلاح میری ترجیح ہے یہی سوچ ہر فیصلے کی بنیاد ہے ۔عوام کی بنیادی سہولیات تک رسائی میرا نصب العین ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی راہ میں انقلابی اقدام کررہی ہے ۔ پنجاب میں فری لانسرز کے لئے انٹرنیشنل سرٹیفکیشن پروگرام شروع کیا ہے ۔ سرکاری سکولوں میں ایڈ ٹیک، میٹرک پائلٹ پراجیکٹ شروع ہوچکا ہے ۔ زراعت، ماحولیات سمیت ہر سرکاری محکمے میں انٹرن شپ کا آغاز کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نوجوانوں کی سکلز کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ زمانہ بدل چکا ہے آج کی دنیا تعلیم کے ساتھ ہنر کی بھی طالب ہے ۔ ڈگری نہیں بلکہ ہنر ہی وہ طاقت ہے جو قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں