35 جدید ادویات متعارف کرانیکا فیصلہ،نرخ کابینہ طے کریگی
کراچی(نیوز ایجنسیاں )وفاقی حکومت نے کینسر، دل، شوگر، گردے اور دیگر مہلک بیماریوں کے علاج کے لیے 35جدید فارمولے والی ادویات پاکستان میں متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
ان ادویات کی قیمتوں کا تعین وفاقی کابینہ آئندہ اجلاس میں کرے گی، جس کے بعد یہ ادویات ملک میں تیار یا درآمد کی جا سکیں گی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں 35 نئی ادویات کی قیمتوں کا تعین ایجنڈے کا حصہ ہوگا۔ یہ ادویات جدید فارمولے پر مبنی ہیں اور عالمی سطح پر استعمال کی جا رہی ہیں، جن میں کینسر، بلڈ پریشر، گردے ، پراسٹیٹ، شوگر اور دل کی ادویات کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں سے بچاؤ کی نئی ویکسینز بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق ان ادویات کی رجسٹریشن اور قیمتوں کا معاملہ گزشتہ دو سال سے التوا کا شکار تھا، جس کے باعث عوام کی شدید طلب کے باوجود یہ ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہیں تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں کا تعین ہونے کے بعد یہ تمام ادویات پاکستان میں مقامی سطح پر تیار یا باقاعدہ طور پر درآمد کی جا سکیں گی، جس سے علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری آئے گی اور مریضوں کو عالمی معیار کی ادویات میسر آئیں گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ ان ادویات کو لازمی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے ، جس کا مطلب ہے کہ ان کی قیمتیں حکومتی کنٹرول میں رہیں گی تاکہ یہ مریضوں کی پہنچ میں رہیں اور ان پر مالی بوجھ نہ پڑے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد متعلقہ کمپنیاں ان ادویات کی تیاری یا درآمد کا عمل فوری طور پر شروع کر دیں گی۔