فیلڈ مارشل سے لیبیا کے کمانڈر انچیف کی ملاقات،دفاعی تعاون پر اتفاق
راولپنڈی (خصوصی نیوزرپورٹر،دنیا نیوز)فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے ملاقات کی جس میں دفاعی صنعت میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں جدید سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دفاعی صنعت میں تعاون اور تکنیکی مہارت کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔بیان مزید کہا گیا ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جی ایچ کیو آمد پر لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان آرمی کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کو پاک فوج کے ایک چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔دریں اثناء لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے نیول ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ لیبیا کے کمانڈر انچیف نے خطے میں بحری سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعلقات کے دائرہ کار کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔