شراب کیس : وارنٹ جاری

  شراب کیس : وارنٹ جاری

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے مبینہ شراب اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

عدالت نے 2صفحات پرمشتمل سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا،عدالت نے علی امین گنڈا پور کو 342 کا بیان ریکارڈ کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا بادی النظر میں علی امین ضمانت کا غلط استعمال کر رہے ہیں،کیوں نہ ضمانت کا آرڈر واپس لے لیا جائے ،عدالت نے علی امین کو شوکاز جاری کر دیا اور کہا آج 342 کا بیان ریکارڈ نہ کرانے پر عدالت فیصلہ سنا سکتی ہے ، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ اس عدالت کو علی امین کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے نہیں روکتا،علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جاتے ہیں،علی امین گنڈا پور کے ضمانتی کو بھی نوٹس جاری کیا جاتاہے جس کیلئے ایس ایچ او کو عمل درآمد کا حکم دیا جاتا ہے ، سماعت آج تک ملتوی کی جاتی ہے ۔ادھر انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر فیض آباد احتجاج کیس میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان کی بریت درخواست مسترد کردی، اشتہاری سابق وفاقی وزیر عامرمحمود کیانی عدالت پیش ہوگئے ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ایک بار پھر عدالت پیش نہ ہوئے ،دوران سماعت استغاثہ کیجانب سے 2 گواہ عدالت میں پیش ہوئے ،جج نے کہا عامر کیانی صاحب آپ کورٹ سے چلے جائیں، آپ اشتہاری ہیں،اگر میں آپ نے اونچا بول دیا اور پولیس نے سن لیا تو آپ گرفتار ہوں گے ،آپ3 دفعہ اشتہاری ہوچکے ہیں، عامر محمود کیانی نے کہا سر میری غلطی ہے تسلیم کرتا ہوں،جج نے کہا آپ درخواست لے آئیں پھر دیکھ لیتا ہوں اورسماعت 31 جولائی تک ملتوی کردی ۔ جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ اور احتجاج کے 3 کیسز کی سماعت بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کاروائی ملتوی کردی۔ عدالت کیجانب سے وزارت قانون کو لکھے گئے خط کا جواب نہ آنے پر جج طاہر عباس سپرا نے کہا 3 خط لکھ چکا ہوں مگر شاید انتظامیہ ابھی تک فیصلہ نہیں کر سکی،بانی پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیا جائے ،پیش نہیں کیا جاتا تو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کیا جائے ،اگر یہ دونوں کام نہیں ہوسکتا تو مقدمات کا ٹرائل جیل منتقل کیا جائے ،عدالت نے پیش ہونے والے ملزمان کی حاضری لگائی اورغیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تھانہ بارہ کہو کے مقدمہ میں تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر ایس پی کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کردی اور تھانہ سی ٹی ڈی، گولڑہ اور بارہ کہو کے مقدمات کی سماعت 31 جولائی تک ملتوی کردی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے بانی پی ٹی آئی و دیگر کیخلاف تھانہ کوہسارمیں آزادی مارچ کے مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی 25 ستمبر تک ملتوی کردی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں