لاہور سیالکوٹ موٹروے 6لین کھاریاں اسلام آباد سے لنک ہوگی
اسلام آباد،لاہور(نیوز رپورٹر،سیاسی نمائندہ)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا لاہور سیالکوٹ موٹروے 4نہیں 6لین اور کھاریاں اسلام آباد سے لنک ہوگی، کوالٹی پر سمجھوتا نہیں، ادارے آئندہ30سال کی منصوبہ بندی کریں۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی پنجاب ریجن کے دورہ کے موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے افسروں کو ہدایت کی کہ معیار ی اور دیرپا تعمیرات یقینی بنائیں۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو اسلام آباد تک لنک کرنے سے اسلام آباد لاہور موٹروے پر ٹریفک کا دباؤ کم ہونے کے ساتھ ساتھ 100کلومیٹر فاصلہ اور سفر کا دورانیہ ایک گھنٹہ کم ہو گا جبکہ گوجرانوالہ، گجرات، کھاریاں، جہلم اور گوجرخان کے علاقوں کے شہریوں کو مزید سفری سہولتیں حاصل ہوں گی۔ ملتان روڈ سے رنگ روڈ تک زیر التوا کام جلد مکمل اور معیار پر سمجھوتا نہ کیا جائے ۔ عبدالعلیم خان نے جاری منصوبوں پر رپورٹ طلب کی اور پنجاب ریجن کے مختلف منصوبوں، نئے انٹرچینجز اور دیگر تعمیرات پر ضروری ہدایات دیں۔ وزیر مواصلات نے ملتان روڈ کے توسیعی تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور مختلف امور میں بہتری کیلئے ہدایات اور ہڈیارہ ڈرین، رنگ روڈ تک ملتان روڈ خوبصورت بنانے کا ٹاسک دیا۔