وزیراعظم شہباز شریف نے ویسٹ ٹو انرجی ٹاسک فورس کی تشکیل کی منظوری دیدی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے فضلے سے توانائی کی پیداوار (waste to energy) کے حوالے سے ٹاسک فورس کی تشکیل کی منظوری دے دی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق یہ ٹاسک فورس پاکستان میں ویسٹ ٹو انرجی کے موجودہ فریم ورک کا جائزہ لے گی اور اس شعبے کے فروغ کے لیے نئی قومی پالیسی مرتب کرے گی۔ ٹاسک فورس نجی شعبے کی حوصلہ افزائی، واضح حکمتِ عملی، ادارہ جاتی نظام اور جامع روڈ میپ کے تحت قومی ویسٹ ٹو انرجی پالیسی تشکیل دے گی۔
سردار اویس لغاری بطور کنوینر ٹاسک فورس کی سربراہی کریں گے، جبکہ مصدق ملک، بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکریٹریز، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے متعلقہ سیکریٹریز بھی اس ٹاسک فورس کا حصہ ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق نجی شعبے سے وابستہ ماہرین کو بھی بطور ممبران شامل کیا گیا ہے تاکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ٹاسک فورس فضلہ سے توانائی پیدا کرنے کے موجودہ نظام، بین الاقوامی بہترین طریقوں، قانونی، ریگولیٹری، مالی اور آپریشنل رکاوٹوں کا جائزہ لے گی اور ان کے حل کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔
ٹاسک فورس کے ٹی او آرز میں ویسٹ ٹو انرجی کے شعبے میں قانون سازی، ریگولیٹری اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ، رابطہ کاری اور منصوبوں کے مؤثر نفاذ کے لیے تجاویز دینا بھی شامل ہے۔