کل پٹرولیم قیمتوں، مہنگائی کیخلاف احتجاج کرینگے: حافظ نعیم الرحمان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل وفاقی دارالحکومت میں پٹرولیم قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، احتجاج میں عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام حکومت نے خزانہ بھرنے کے لیے پٹرول پر لیوی 117 روپے تک پہنچا دی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت ناکام معاشی پالیسیوں اور نا اہلی کا انتقام عوام سے لے رہی ہے، 415 روپے تک پٹرول و ڈیزل کی قیمت پہنچانے کے بعد بھی وزیراعظم اپنے سینے سے پتھر ہٹانے کے لیے تیار نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم کے وزرا مزید اضافے کی باتیں کر رہے ہیں، پٹرول کی قیمت میں مسلسل اور ناجائز اضافے کے خلاف عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو لیوی ختم کرکے عوام کو ریلیف دینا ہوگا، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات ہر شے پر نظر آرہے ہیں، اشیاء ایک بار مہنگی ہوجائیں تو بعد میں سستی نہیں ہوتیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل پورے پاکستان کے عوام کی ترجمانی کریں گے، حکومت نے روش نہیں بدلی تو ہڑتال اور پہیہ جام کا اعلان بھی کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں