گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر اغواء
گوادر: (دنیا نیوز) نامعلوم افراد نے گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر سمیت 4 افراد کو اغواء کر لیا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد میٹنگ کیلئے گوادر سے کوئٹہ جاتے ہوئے لاپتہ ہوئے، دونوں اعلیٰ عہدیدار سرکاری گاڑی میں کوئٹہ جا رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر دونوں کو سرکاری گاڑی سمیت مستونگ اور قلات کے قریب اغوا کیا گیا۔
ڈی سی مستونگ بہرام سلیم نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی فیملیز سے رابطے میں ہیں، بتایا جا رہا ہے دونوں افسران کا مستونگ کے آس پاس پہنچنے کے بعد رابطہ منقطع ہوا، ہماری پوری کوشش ہے دونوں افسران کا پتہ لگایا جاسکے۔
پولیس حکام کے مطابق مغویوں کی بازیابی کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔