شاہراہ بھٹو گیم چینجر منصوبہ، رواں ماہ شہریوں کیلئے کھول دیں گے: شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کے میگا پراجیکٹس کو جلد سے جلد مکمل کرنا ترجیح ہے، رواں ماہ کے آخر میں شاہراہ بھٹو کو شہریوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ٹریفک مسائل کے حل میں شاہراہ بھٹو گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا، شاہراہ بھٹو موٹر وے ایم 9 کو ڈائریکٹ کنیکٹ کرے گی۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے ساتھ چائنہ کا دورہ کیا، دورہ چین میں صدر آصف زرداری کو بہت کامیابیاں ملیں۔
منشیات صرف سندھ نہیں پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، انمول عرف پنکی معاشرے میں زہر بیچ رہی تھی۔
منشیات پورے پاکستان کا مسئلہ، پنکی زہر بیچ رہی تھی
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ منشیات بہت بڑی لعنت ہے، منشیات کے خلاف ہمیشہ مہم چلائی، منشیات کے خاتمے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا،
شرجیل میمن نے کہا کہ ڈرگ ڈیلر کی گرفتاری پر اداروں کی تعریف کرنی چاہئے، وزیر داخلہ نے نوٹس لے کر پولیس اہلکاروں کو معطل کیا، ہماری کمی کوتاہی کو اجاگر کریں، ہم جوابدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے ممالک میں منشیات کا مسئلہ ہے، منشیات کے خلاف سندھ بھر میں کارروائیاں ہو رہی ہیں، فریال تالپور نے کہا سندھ میں منشیات کیخلاف کریک ڈاؤن کریں۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہم ہرحال میں منشیات کا خاتمہ کریں گے، سندھ کو منشیات سے پاک کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس پر پورا اتریں گے۔