واٹس ایپ میں انکوگینٹو چیٹس فیچر متعارف
نیویارک: (دنیا نیوز) واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور منفرد فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا، جس کے ذریعے اب میٹا کے اے آئی چیٹ بوٹ سے مکمل پرائیویٹ انداز میں گفتگو کی جا سکے گی۔
کمپنی کے مطابق ”انکوگینٹو چیٹس ود میٹا اے آئی“ نامی اس فیچر کے تحت صارفین کی چیٹس کو اس انداز میں محفوظ کیا جائے گا کہ نہ کوئی دوسرا شخص اور نہ ہی خود میٹا کمپنی ان پیغامات تک رسائی حاصل کر سکے گی۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ یہ فیچر گوگل کروم کے انکوگنیٹو موڈ جیسا تجربہ فراہم کرے گا، جہاں چیٹس زیادہ محفوظ اور نجی رہیں گی، اس موڈ میں تمام پیغامات بائی ڈیفالٹ خودکار طور پر غائب ہو جائیں گے۔
کمپنی نے واضح کیا کہ یہ سہولت صرف میٹا اے آئی چیٹ بوٹ کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ واٹس ایپ میں موجود دیگر اے آئی چیٹ بوٹس کے سوالات اور جوابات متعلقہ کمپنیاں دیکھ سکیں گی۔
میٹا کے مطابق انکوگینٹو چیٹس کو ایک محفوظ پراسیسنگ ماحول میں ہینڈل کیا جائے گا تاکہ صارفین کی پرائیویسی ہر صورت برقرار رہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس فیچر کا مرحلہ وار اجرا شروع کر دیا گیا ہے اور جلد ہی دنیا بھر کے صارفین کو دستیاب ہوگا۔
واٹس ایپ کے مطابق اگلے مرحلے میں ”سائیڈ چیٹ پروٹیکٹڈ بائی پرائیویٹ پراسیسنگ“ نامی فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے ہر چیٹ کو الگ الگ انکوگینٹو موڈ میں استعمال کیا جا سکے گا جبکہ مرکزی چیٹ محفوظ رہے گی۔