بی ڈی ایس تھرڈ پروفیشنل امتحانات کے نتائج جاری، کامیابی کا تناسب 86.40 فیصد رہا
لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے بی ڈی ایس تھرڈ پروفیشنل سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں مجموعی کامیابی کا تناسب 86.40 فیصد رہا۔
امتحانات میں 17 ڈینٹل کالجوں کے 899 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 775 طلبہ کامیاب قرار پائے۔ نتائج کے مطابق پہلی دونوں پوزیشنز ڈی مونٹمورنسی کالج آف ڈینٹسٹری کے طلبہ کے نام رہیں۔
فاطمہ عمیر محمود نے 807 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ محمد طحہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ تیسری پوزیشن ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی طالبہ رمشاء مبشر نے حاصل کی۔
شریف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور نشتر انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹسٹری نے سو فیصد نتائج دے کر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اسی طرح اختر سعید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا کامیابی کا تناسب 95.65 فیصد رہا، جبکہ بختاور امین میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور مارگلہ انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے نتائج بھی 91 فیصد سے زائد رہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق تمام نتائج یو ایچ ایس کی ویب سائٹ پر جاری کر دیے گئے ہیں۔