شہباز شریف نے گندم کی خرید و فروخت کے مسائل بارے کمیٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں گندم کی خرید و فروخت کے حوالے سے درپیش مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، وفاقی کابینہ کو وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے حج پالیسی 2027-2030 کی جانچ کے حوالےسے بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں۔

وفاقی کابینہ نے کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت دی کہ وزارت مذہبی امور اور پرائیوٹ حج آپریٹرز کے احتساب کا نظام وضع کیا جائے تاکہ حجاج کرام کے حقوق کا تحفظ کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: بڑھتی آبادی کے پیش نظر ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کی ضرورت ہے: وزیراعظم

کابینہ نے وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی سفارش پر فراش ٹاؤن، اسلام آباد میں اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے مکینوں کے لئے کم قیمت ہاؤسنگ منصوبہ کی تعمیر و ترقی وفاقی ترقیاتی ادارے (CDA) کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے ریونیو ڈویژن کی سفارش پر پاکستان کسٹمز کی انسپکٹر کسٹمز، انٹیلی جنس افسر، پریوینٹو افسر، اپریزنگ افسر اور ویلیو ایشن افسر کے محکمانہ ترقی کے امتحانات کی فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کروانے کی منظوری دے دی۔

کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کی 29 اپریل 2026 کو ہوئے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی منظوری دے دی، تاہم کابینہ نے ہدایت کی کہ ٹوبیکو مارکیٹنگ کنٹرول رولز 2016 میں ترمیم کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی رائے لی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں