پاکستان اور افغانستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط
اسلام آباد(وقائع نگار، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان، افغانستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ طے پاگیا، پاکستان کے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے بتایا پاکستانی سیکرٹری تجارت جواد پال اور افغان نائب وزیر تجارت ملا احمد اللہ زاہد نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا پاکستان افغانستان کو آم، کینو، کیلے اور آلو برآمد کرے گا، افغانستان پاکستان کو انگور، انار، سیب اور ٹماٹر ترجیحی ٹیرف پر برآمد کرے گا، ان اشیاء پر ٹیرف کی شرح 60 فیصد سے کم کر کے 27 فیصد کی گئی ہے ۔ٹیرف کی شرح یکم اگست 2025ء سے 1 سال کے لیے نافذ العمل ہو گی۔ علاوہ ازیں دونوں ملکوں میں یہ بھی طے پا گیا کہ انگور اڈا 31 اگست 2025 کو دوبارہ کھلے گا۔ افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ پر دستخط کیلئے تکنیکی بات چیت شروع ہو گئی ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی نمائشیں منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کوئلے کی برآمد کی سہولیات بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ ادھر افغان سفارتخانے کا کہنا ہے کہ معاہدہ یکم اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔ معاہدہ ایک سال کیلئے مؤثر ، قابل تجدید اور مستقبل میں مزید اشیا شامل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔