لاہور بورڈ:میٹرک نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 65فیصد
لاہور(خبر نگار)لاہور بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا،کامیابی کا تناسب 65 فیصد رہا،2 لاکھ 54 ہزار امیدواروں نے شرکت کی، ایک لاکھ 65 ہزار امیدوار کامیاب اور 88 ہزار 100 امیدوار فیل ہوگئے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے نواز شریف سنٹر آف ایکسیلنس میں لاہور بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ نتائج کا اعلان کیا۔تقریب میں کمشنر لاہور زید بن مقصود،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن غلام فرید،سیکرٹری سکولز خالد نذیر وٹو اور سیکرٹری لاہور بورڈرضوان نذیر نے شرکت کی۔رانا سکندر حیات نے اپنے خطاب میں کہا امتحانی نظام کی خود مانیٹرنگ سے ٹرانسپیرنسی لائے ہیں جس کے باعث اب میرٹ پر بچے پوزیشن حاصل کررہے ہیں،امتحانی نظام میں شفافیت سے سرکاری سکول کے بچے بھی پوزیشن حاصل کررہے ہیں ،کمشنر و چیئرمین لاہور بورڈ زید بن مقصود نے کہا پوزیشن لینے والے طلباوطالبات کے والدین کو اپنے بچوں پر فخر ہے اور یہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں۔1193نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی حرم فاطمہ نے کہا وہ پوزیشن حاصل کرنے پر بے حد خوش ہیں، مستقبل میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں۔1186نمبر لینے والے سبزی فروش کے بیٹے فیضان رضا کا کہنا ہے کہ والدین نے سبزی بیچ کر اسے پڑھایا اور آئندہ وہ میڈیکل کے شعبہ میں اپنی تعلیم حاصل کریں گے ۔1065نمبر لینے والے زمیندار کے بیٹے غلام عباس نے کہا وہ ایل ایل بی کرکے وکالت کے شعبہ میں جانا پسند کریں گے ۔بورڈ میں دیگر پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کا کہنا تھا کہ امتحان میں کامیابی اساتذہ و والدین کی محنت کا نتیجہ ہے ، اپنی کامیابی کا سفر آئندہ بھی اسی طرح جاری رکھیں گے ۔