گھوٹکی :معروف نوجوان ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت مردہ پائی گئی
گھوٹکی،کراچی (نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک )گھوٹکی میں معروف ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت جمعہ کے روز اپنے گھر سے پراسرار حالت میں مردہ پائی گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی لاش کو لوڈر رکشے میں سول اسپتال منتقل کیا گیا، کیونکہ ایمبولینس دستیاب نہ تھی۔ اہل خانہ نے الزام لگایا کہ سمیرا کو سابق شوہر نے مبینہ طور پر زہر دے کر قتل کیا، جبکہ والدین کا کہنا ہے کہ وہ گھریلو تشدد کا شکار تھیں اور اپنی جان کو لاحق خطرات کا کئی بار ذکر کر چکی تھیں۔ڈی ایس پی کے مطابق سمیرا کی 15 سالہ بیٹی نے بیان دیا کہ چند افراد ان کی والدہ پر زبردستی شادی کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے اور زہریلی دوا دے کر انہیں قتل کیا گیا۔ پولیس نے دو مشکوک افراد، علی راجپوت اور عدنان راجپوت، کو گرفتار کرلیا ہے ،پولیس تفتیش جاری ہے ، تاہم مقدمہ ابھی تک درج نہیں ہوا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد جاری ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں ان کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے ، جبکہ خون کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے ۔ سمیرا کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، لوگوں نے انصاف کے لیے آواز بلند کی اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ابھی تک حتمی نتائج اور پولیس کی مکمل رپورٹ سامنے نہیں آئی، تاہم اس واقعہ نے ایک بار پھر سوشل میڈیا شخصیات کے تحفظ اور خواتین پر ہونے والے مظالم پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔