انسانی سمگلنگ غلامی کی ایک شکل، بچوں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں : مریم نواز
لاہور(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے انسانی سمگلنگ غلامی کی ہی ایک شکل ہے، غیر قانونی ذرائع سے یورپ جاتے ہوئے کشتی ڈوبنے سے درجنوں افراد کا جاں بحق ہونا بہت بڑا انسانی المیہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاانسانی سمگلنگ کے سدباب کے دن کا مقصد عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔ انسانی سمگلر دولت کی ہوس میں عام آدمی کی جان سے کھیلنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا بچوں کی غیر قانونی سمگلنگ کا خاتمہ پنجاب حکومت کا عزم ہے۔ بچے میری ریڈ لائن ہیں، ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ عزم ہے پنجاب کا ہر بچہ انسانی سمگلنگ سے محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا سمگلنگ کے خلاف پنجاب حکومت زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر کار بند ہے ، بچوں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا والدین روزگار کی تلاش میں جانے والے بچوں کوسمگلنگ سے بچائیں، غیر ملکی سفر کے لئے جائز اور محفوظ راستے اپنائیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہوراورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے پہلی خاتون ڈرائیور کی تعیناتی پراظہار مسرت کرتے ہوئے ندا صالح کو مبارکباد دی ہے ۔انہوں نے کہا بیٹیاں کسی سے کم نہیں، مساوی مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔ ندا صالح جیسی بیٹیاں ہم سب کا فخر ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایکس پر جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے خوشیوں بھرے پیغام میں کہا وہاڑی ملتان روڈ 95 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کی تعمیر تیزی سے جاری ہے ۔ وہاڑی ملتان روڈ منصوبے سے روزانہ 24 ہزار افرادمستفید ہوں گے ،وہاڑی ملتان روڈ چاراضلاع کو موٹر وے M-4 سے منسلک کرے گی۔