پختونخوا، سینیٹ کی نشست پر الیکشن آج ، پی پی امیدوار دستبردار
پشاور (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا سے سینیٹ میں پی ٹی آئی ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد خالی نشست پر ضمنی الیکشن آج ہوگا، الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کی امیدوار راحیلہ بی بی، ن لیگ کی امیدوار کے حق میں دستبردار ہوگئیں۔
راحیلہ نے الیکشن سے دستبرداری کے لیے ریٹرننگ آفیسر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر انتخاب میں ن لیگ کا ساتھ دیں گے ۔دوسری جانب صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب آج ہوگا جس کے لیے اسمبلی کے جرگہ ہال کو پولنگ سٹیشن قرار دیا گیا ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خالی نشست پر مجموعی طور پر 9 امیدوار میدان میں ہیں، الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے منعقد ہوں گے ، پولنگ سٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد ہے ۔سینیٹ کی اس نشست پر پی ٹی آئی کی 6 خواتین آزاد امیدوار ہیں، جب کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کی شازیہ بی بی بھی میدان میں ہیں۔سمیرا شمس، صائمہ خالد، مشال اعظم، مومنہ خالد اور مہتاب ظفر آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔