آپریشن مہادیوکی ہمارے نزدیک کوئی اہمیت نہیں،معصوم لوگ نشانہ ہیں:پاکستان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ آپریشن مہادیو کی ہمارے نزدیک کوئی اہمیت نہیں، بھارتی وزیر داخلہ کے بیانات من گھڑت ہیں، پاکستان آپریشن سندور پر بھارتی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتا ہے۔
بھارت کوئی بھی تزویراتی ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا، افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا۔ترجمان نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارت خود جج، جیوری اور جلاد کا کردار ادا کرتا رہا، عجب اتفاق ہے کہ بھارتی لوک سبھا کی بحث کے آغاز پر پہلگام وا قعہ کے مبینہ ملزمان مارے گئے ،بھارت آپریشن مہادیو کے نام پر معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے ، پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا ۔ہم بھارتی رہنماؤں کے سندھ طاس معاہدے پر بیانات کو بھی مسترد کرتے ہیں، بھارت غلط معلومات جنگی جنون پر انحصار کر رہا ہے ،ترجمان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازع پر اپنی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، نائب وزیراعظم کے کشمیر اور ڈاکٹر عافیہ سے متعلق بیان کے بارے میں قیاس آرائیاں بے بنیاد اور غیر ضروری ہیں ۔پاکستان کا ہمیشہ یہی مؤقف رہا ہے کہ جموں و کشمیر کی حتمی حیثیت متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق طے ہونا ہے ۔ڈپٹی وزیراعظم کے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بارے میں مبینہ بیان پر انہوں نے واضح کیا کہ اس مسئلے پر بھی پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ،ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ کی گفتگو کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس کا ذکر غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے ، حکومت نے ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سفارتی اور قانونی ذرائع اختیار کئے اور اس مقصد کے لئے پرعزم ہے ۔