بلوچستان خیبر پختونخوا : فورسز کی گاڑیوں پر حملے، میجر سمیت 7 شہید، 4 دہشتگرد ہلاک
مستونگ ،کرک(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)دہشت گردوں کے حملوں میں میجر اور 5 اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید اور 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کردیا۔۔۔
بارودی سرنگ کے دھماکے میں میجر سمیت 3 فوجی جوان شہید ہو گئے جبکہ فورسز نے آپریشن کے دوران 4دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔خیبرپختونخوا میں کرک کے علاقے امن کوٹ میں تھانہ گرگری کی حدود میں گاڑی پر دہشتگردوں کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور کے 3اہلکاراورپرائیویٹ ڈرائیور شہید ہوگئے جبکہ ضلع جنوبی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر کے قافلے کی گاڑیوں پر حملے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اور 6 اگست کی درمیانی شب بھارتی پراکسی گروپ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مستونگ ضلع میں سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا۔حملے میں میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابنِ امین اور لانس نائیک محمد یونس شہید ہو گئے ۔31 سالہ میجر محمد رضوان طاہر شہید کا تعلق نارووال سے تھا، 37 سالہ شہید نائیک ابنِ امین ضلع صوابی کے رہائشی تھے ، 33 سالہ شہید لانس نائیک محمد یونس کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے چار بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ میں دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئرکانسٹیبلری کے 3 اہلکار اور ایک ڈرائیور شہید ہوگیا۔ڈی پی او شہباز الٰہی نے بتایاکہ گیس کمپنی کی ڈیوٹی پر مامور ایف سی اہلکار گاڑی میں امان کوٹ توے کے مقام پر معمول کے گشت پر تھے جہاں گھات لگائے دہشت گردوں نے ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔شہید اہلکاروں میں272پلاٹون کے لانس نائیک محمود شاہ ،سپاہی شاہد ،سپاہی رؤف اورڈرائیور شاہ پور شامل ہیں جن کا تعلق لکی مروت اور ٹانک سے بتایاجاتاہے ۔ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے پہاڑی علاقوں میں تلاشی کا عمل شروع کردیا ،حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔ جنوبی وزیرستان پولیس نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے کوٹ اڈانہ کے قریب ڈی سی جنوبی وزیرستان اپر عصمت اللہ وزیر اور اے ڈی سی ایف اینڈ پی کی گاڑی پر حملے کئے ۔ ڈی سی اور اے ڈی سی ایف اینڈ پی محفوظ رہے تاہم فائرنگ سے محرر اے ڈی سی اعجاز اور ایک پولیس اہلکار گل نواز زخمی ہوا۔ ڈپٹی کمشنر، اے ڈی سی اور دیگر کے ہمراہ لدھا سے مکین جا رہے تھے ،زخمیوں کو ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے شہدا کی بلندی ء درجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا جبکہ چار دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاکہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی بلوچستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش ہے ،قوم کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔