جنوبی وزیرستان:پولیس وین کے قریب دھماکا3راہگیر جاں بحق،14زخمی
وانا ،سبی (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) جنوبی وزیرستان میں پولیس وین کے قریب دھماکے اور فائرنگ کے واقعہ میں 3 راہگیر جاں بحق ہوگئے ،جب کہ 3 پولیس اہل کاروں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے ۔
پولیس کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا بازار میں شکئی سٹینڈ کے قریب پولیس وین کے پاس زور دار دھماکا ہوا،جس کے فوری بعد نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے شدید فائرنگ بھی کی گئی۔واقعہ میں 3 راہ گیروں کے جاں بحق ہونے کی پولیس نے تصدیق کردی، جبکہ تین پولیس اہل کاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے ، جنہیں فوری طور پر وانا ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طاہر شاہ کے مطابق دھماکا اور فائرنگ کے بعد علاقے میں سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔ڈی ایس پی عمران اللہ کاکہناتھا کہ جنوبی وزیرستان کے مرکزی وانا رستم بازار میں شکئی سٹینڈ کے قریب پولیس موبائل کے پاس ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا،جس سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔ سبی میں ریلوے ٹریک کے قریب دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی، واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،دھماکے کے فورا بعد راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس ٹرین کو احتیاطی تدابیر کے طور پر سبی ریلوے سٹیشن پر روک دیا گیاجبکہ سکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا۔