ٹیکس گرفتاریوں سے نہیں ،پالیسی سے جمع ہوگا:گوہراعجاز

ٹیکس گرفتاریوں سے نہیں ،پالیسی سے جمع ہوگا:گوہراعجاز

لاہور(دنیا نیوز )سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ پچھلے سال کے مقابلے میں اس سال 2 ٹریلین روپے زیادہ ٹیکس جمع ہوا، 2 ٹریلین ٹیکس جمع ہونے پرپوری بزنس کمیٹی کو سراہنا چاہئے تھا نہ کہ ایسے قانون پاس کردئیے جائیں کہ ہم اگلے سال اور2 ٹریلین ٹیکس جمع کرنا چاہتے ہیں۔

اوراس میں جس مرضی کو گرفتارکرنے کی پاور بھی دے دی جائے ،گرفتاریوں سے ٹیکس جمع نہیں ہوگا ،اس کیلئے پالیسی بنانا اہم ہے ۔گوہر اعجاز نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیامہربخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ٹیکس دینے والے کو چور نہیں کہناچاہئے ،اگر آپ تاجر کوٹیکس چور کہیں تو پوری بزنس کمیونٹی کیسے تعاون کرے گی ۔ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تاجر برادری کی بات سنی اور یقین دلایا کہ تاجروں پر کوئی کیس نہیں بن سکے گا، فیلڈ مارشل نے کہا آپ پاکستان کاحصہ ہیں اور حصہ رہیں گے ۔وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امور راناثناء اللہ نے کہا کہ کچھ باتیں اگر حقیقت بھی ہوں تو وہ نہ کی جائیں، اگر ایسی بات خواجہ آصف نے کردی ہے تو اس پر کسی کو برا نہیں منانا چاہئے ۔ان کاکہناتھاکہ اگر اپوزیشن ضمنی الیکشن کابائیکاٹ کا اعلان کرتی ہے تو ان کی مشکلات بڑھیں گی، بائیکاٹ سے معاملات نہیں سدھرتے ، سسٹم میں رہ کر جنگ لڑی جاسکتی ہے ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی مثالیں سامنے ہیں ،اگر تحریک انصاف کے لوگ بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو یہ سپیکر کے پاس آجائیں،میں بھی وہاں آجاؤں گا، وہاں بیٹھ کر ملک کو آگے لے جانے کی بات کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں