پی ٹی آئی ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرے :تھنک ٹینک
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کا ر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کو سزا ئیں ملنے سے تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ پارلیمانی نظام کا بھی نقصان ہوا ،سیاسی مخالفین کو پارلیمان سے نکالا جائے تو اس ملک میں جمہوریت کمزور ہو تی ہے ۔
انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’تھنک ٹینک ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کو ضمنی الیکشن میں حصہ لینا چاہئے ، میدان میں رہنا ضروری ہے ۔ تجزیہ کا ر سلمان غنی نے کہا کہ سیاسی قوت بڑی اہم ہو تی ہے ، اگرکسی سیاسی جماعت کے پاس عوامی اور سیاسی تائید حاصل ہے تو اس جماعت کے ارکان نااہل ہوجائیں تو جماعت کو کوئی فرق نہیں پڑتا،اب تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کہہ رہے ہیں کہ اپنی تحریک میں عمران خان کی رہائی کے ساتھ عوام کے مسائل بھی منسلک کریں گے ،تحریک بھی وہ کامیاب ہوتی ہے جس میں عام آدمی کے ایشوز شامل ہوں کیونکہ لو گ ایسی تحریک میں شامل ہوجا تے ہیں۔ تجزیہ کا رڈاکٹر رسول بخش نے کہا ہے کہ پارلیمانی محاذ پر کمزوری تحریک انصاف کیلئے سیاسی محاذ پر کمزوری کا سبب نہیں بن سکتی،پارلیمان کے باہر سیاست بڑی اہم ہو تی ہے ، تحریک انصاف کو چاہیے کہ ایوان کو کبھی نہ چھوڑے ۔تجزیہ کا ر عثمان شامی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی سے مجھے اختلاف ہے ،ابھی تک تحریک انصاف کے کسی ممبر نے اسمبلی اجلاس میں عوام کے ایشوز پر تقریر نہیں کی،مجھے یہ سمجھ نہیں آرہی کہ حکومت ان کو نااہل کروانے پربڑی خوش ہے ،کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ حکومت 27ویں ترمیم لانا چاہتی ہے ۔