یوم آزادی پر جوش وجذبہ ، ملی ترانے ،دہلی میں بھی پرچم کشائی
اسلام آبا د ، لاہور،نئی دہلی (خبرنگار ،سیاسی نمائندہ ،نامہ نگار ،سپیشل رپورٹر،دنیانیوز)ملک بھر میں 78واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا ،ہرطرف قومی پرچموں کی بہار ،فضائیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں ،دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی اور نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائوں کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیاگیا۔
چین ،سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک نے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی پر خیرسگالی پیغامات دئیے ہیں جبکہ کئی ملکوں میں پاکستانی سفارتخانوں میں جشن آزادی کی پروقار تقریبات کا اہتمام کیاگیا،نئی دہلی ہائی کمیشن میں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزادی پر اسلام آباد ، لاہور ، پشاور، کوئٹہ،کراچی اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ شہری سڑکوں پرنکل آئے ، جگہ جگہ ریلیاں نکالی گئیں ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31اورصوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مظفر آباد میں بھی پاک فوج کے دستوں نے توپوں کی سلامی پیش کی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان مونومنٹ میں پرچم کشائی کی اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائے ۔ پرچم کشائی کی شاندار تقاریب جوائنٹ سروسز ہیڈ کوارٹرز، جنرل ہیڈ کوارٹرز ،مسلح افواج کے تمام ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی گئیں ۔کور کمانڈر لاہور کے زیر اہتمام شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پنجاب کے قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے گورنر ہاؤس میں پرچم کشائی کی اور مزارِ اقبال پر حاضری دی ۔ جشن آزادی پر شہر شہر، گلی گلی سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے رنگ گئے ، جبکہ سرکاری و رہائشی عمارتوں، شاہراہوں، سڑکوں اور مختلف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ۔جشن آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ۔
کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈورلاہور میں تصور اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، گارڈ ز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے پاک آرمی کو چارج دے دیا۔یوم آزادی کی مناسبت سے واہگہ بارڈ رپر خصوصی پریڈ اور پر چم اتارنے کی تقریب ہوئی جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک تھی جن کا جوش وجذبہ دیدنی تھا،فضا پاکستان زندہ باد نعروں سے گونج اٹھی۔گنڈا سنگھ بارڈر پربھی یوم آزادی کی سپیشل پریڈ ہوئی ، پنجاب رینجرز نے کمال پرفارمنس دکھائی ۔ یوم آزادی پر پنجاب بھر میں جشن کی نئی تاریخ رقم ہو گئی، تمام41 اضلاع میں بیک وقت آتش بازی اور لیزر شوز کا نیا ریکارڈ قائم ،شہریوں نے گھروں، گاڑیوں اور بائیکس پر قومی پرچم لہرایا ۔کوئٹہ اور راولپنڈی کے لیاقت میں ایک کلومیٹر طویل پرچم کی رونمائی ہوئی جبکہ جیلانی پار ک لاہور میں بھی بڑا پرچم لہرایا گیا ۔لاہور ٹریفک پولیس نے آزادی سائیکل ریلی نکالی ۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحیی آفریدی نے پر چم کشائی کی،اسلام آباد کورٹ میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگراورلاہور کورٹ میں چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پر چم کشائی کی،سندھ، پشاوراور بلوچستان کورٹس میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں ۔بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرسعد احمد وڑائچ نے ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی،تقریب میں صدر مملکت اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے ۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کو اجاگر کیا اوراپنے خطاب میں دو قومی نظریہ کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش کئے ۔
چینی سفارتخانے نے پاکستان کے عوام اور حکومت کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا ۔ ایکس پرایک پوسٹ میں دونوں ممالک کے پرچم بھی شیئر کئے گئے ۔ چین میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا،تقریب کا آغاز ڈپٹی ہیڈ آف مشن بلال محمود چودھری نے قومی پرچم لہرا کر کیا اورپاکستانی قیادت کے پیغامات پڑھے ۔ صدر آصف زرداری کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ۔ وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم، نائب صدر شیخ منصور بن زاید النہیان نے بھی صدرآصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو مبارکباد کے پیغامات بھیجے ۔ صدر آصف علی زرداری کے نام مکتوب میں سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے قومی ترانے کی گونج میں قومی پرچم بلند کیا ۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام پاکستان کے یوم آزادی کی پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی گئی،پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے پاکستانی پرچم کو قومی ترانے کی دھن پر بلند کیا ۔افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستان کے سفیر عبید الرحمن نظامانی نے یوم آزادی کی تقریب میں صدر ، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔ اسلام آباد میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے پاکستان کے یوم آزادی پر قومی ترانے کے سر بکھیر کر محبت کا خصوصی اظہار کیا، انہوں نے ٹرمپٹ پر پاکستانی قومی ترانے کی دھن بجاکر لوگوں کو مسحور کردیا۔ اس حوالہ سے ایک خصوصی ویڈیو میں 20 یورپی سفیر بھی یومِ آزادی کی خوشیوں میں شریک نظر آ ئے ۔