فیسوں میں اضافہ پر کوئی میٹنگ نہیں ہوئی:سپریم کورٹ بار
اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سپریم کورٹ کی جانب سے فیسوں میں اضافے پر اپنے تحفظات واضح کرتے ہوئے کسی قسم کی مشاورت کرنے کے عمل کو یکسر مسترد کر دیا اور کہا بار سپریم کورٹ کے جاری بیان سے واقف ہے
جس میں کہا گیا پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے مشاورت اور بات چیت کی گئی۔سپریم کورٹ بار واضح تردید کرتی ہے کہ عدالت کی فیس میں اضافہ (جو کورٹ فیس کے ٹیبل/تھرڈ شیڈول میں درج ہے )پر کوئی مشاورت یا بات چیت ہوئی، اس معاملے پر کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، اگر ایسی کوئی میٹنگ ہوئی ہے تو اس کی کارروائی کے منٹس جاری کیے جائیں جس سے پتہ چلے کہ ہمارے نمائندوں کو بلایا گیا یا انہوں نے شرکت کی تھی۔ ہمیں ایسی کمیٹی کے بارے میں علم نہیں جو سپریم کورٹ نے فیس میں اضافے سے پیدا شدہ مسائل کے حل کیلئے بنائی ہو۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پھر استدعا کرتی ہے کہ عدالتی فیس میں اتنا زیادہ اضافہ عوام کیلئے سستے اور فوری انصاف کے حصول میں مددگار نہیں ہوگا اس کے برعکس یہ آئین کے آرٹیکل 37(d) میں درج سستا انصاف کے اصول کے خلاف ہے ۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن وکلاء اور عوام کے اس جائز مطالبے کی مکمل حمایت کرتی ہے کہ عدالت کی فیس میں غیر معمولی اضافہ فوراً واپس لیا جائے ۔