بلوچ عوام نے ملکی دفاع کیا ، کرتے رہیں گے :وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (اے پی پی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ بلوچستان کے عوام نے ہر مشکل وقت میں ملک کا دفاع کیا ، آئندہ بھی پیش پیش رہیں گے ، گوادر سے ژوب تک اور پورے صوبے میں جشنِ آزادی جوش و جذبے سے منایاجارہاہے۔
مٹھی بھر دہشت گرد روایات کو پامال کر رہے ہیں، تمام طبقات کو مل کر اس عفریت کا خاتمہ کرنا ہوگا ، دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے کا وقت قریب، بلوچستان میں امن کا سورج جلد طلوع ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میرسرفرازبگٹی نے کہاکہ ہماری بہادر افواج نے جس انداز سے بھارت کے دانت کھٹے کئے اس پر قوم زیادہ مبارکباد کی مستحق ہے ،اہلیان بلوچستان کی طرف سے صدر زرداری ،وزیراعظم شہبازشریف ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔انہوں نے کہا کہ چند لوگ بندوق اور تشدد کے ذریعے پاکستان کو توڑنے کی کوشش کررہے ہیں ، پارلیمنٹ اور علما کرام سمیت ہرمکتبہ فکر کے لوگوں کو آگے بڑھ کر دہشتگردی اور بدامنی کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا ۔