سرکاری ہسپتالوں میں انجکشن سے ری ایکشن ،استعمال روک دیاگیا
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )سرکاری ہسپتالوں کیلئے خریدے گئے انجکشن سے ری ایکشن کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے ،خون کی کمی دور کرنے والے انجکشن کا مریضوں پر ری ایکشن ہو گیا۔
انجکشن استعمال کرنے پر مریضوں کو جسم پر سوزش، سانس میں رکاوٹ کی شکایات آرہی ہیں۔سرکاری ہسپتالوں میں داخل مریضوں کو خون کی کمی پوری کرنے کیلئے انجکشن کیرا فیر لگایا جارہا تھا۔ مخصوص بیچ کے استعمال سے مریضوں کا بلڈپریشر کم ہوااور دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کا سامنا رہا ۔ ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول نے انجکشن استعمال فوری روکنے کا حکم دے دیا ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ ڈرگ کنٹرول کا کہنا ہے کہ انجکشن کا استعمال صحت کیلئے خطرہ ہے ، انجکشن مقامی طور پر اسلام آباد میں تیار ہوا ہے اور سرکاری ہسپتالوں کی شکایت پر انجکشن کا استعمال روکا گیا ہے ۔