27 ویں تر میم آئے گی، کوئی سامنے کھڑا نہیں ہو گا، فیصل واوڈا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 27 ویں تر میم آئے گی، کوئی سامنے کھڑا نہیں ہو گا،دنیا نیوز کے پروگرام‘ دنیا مہربخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے ایک پاکستانی شہری کی حیثیت سے مشورہ دیا کہ معافی مانگ لی جائے۔۔۔
پہلی بات تو یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان 9مئی کے واقعات پر معافی نہیں مانگیں گے، اگرمعافی مانگ بھی لیں تو پھر بھی ان کو نہیں چھوڑا جائے گا،پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو چکا ہے ، فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ترقی کا تسلسل رہے گا۔ اگر کوئی بھی پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالے گا تو وہ رگڑا جائے گا،ممکن ہے فیلڈ مارشل کادور 10 سال تک رہے ،اس وقت پاکستان کی جو عالمی سطح پر تعریفیں ہورہی ہیں اس کا سہرا فیلڈ مارشل کو جاتاہے ، عالمی سطح پر کارکردگی کوسراہا جا رہا ہے ، فیلڈ مارشل پاکستان کے لیے اچھی خبریں لا رہے ہیں ،اس پر اگر کسی کو تکلیف ہوتی ہے تو اس کا کوئی علاج نہیں۔ انہوں نے کہا آج سے پہلے کسی نے اپنے سیاسی مفاد کیلئے پاک فوج پر تنقید کی تھی،پاک فوج کو بدنام کیا یا سازشیں کیں، آج کے حالات میں اب وہ ایسی جرات نہیں کرسکتے ، اگر کسی نے ایسی جرات کی تو رگڑ دیا جائے گا، منافقت کرنے والوں کو پھر کہہ رہا ہوں کہ وہ سدھر جائیں۔
ان کا کہنا تھا پاکستان کی ترقی میں تین چیزیں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں،این ایف سی، اس کو ری وزٹ کرنا ضروری ہے ،مزید صوبوں کا بننا ضروری ہے ،آپریشن کو سیاسی زور پر روکا نہیں جاسکتا،اگر کسی نے کوئی مسئلہ پیدا کیا اس کومیں نے تنبیہ کی ہے ،ہم سب چاہتے ہیں پاکستان ترقی کرے ، دہشت گردی کے خلاف آپریشن کوکسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا، سینٹ میں سیٹوں کے حوالے سے کہا ہے کہ میں نے ٹویٹ کیاتھا 8 سیٹیں ان کے پاس ہونی چاہئیں،لیکن چار رہ جائیں گی،بات یہ ہے کہ اس میں مراد سعید کا اضافہ ہوا،اب وہ نہیں آئیں گے ،اگر وہ آئیں گے تو ارشدشریف کا کیس کھل جائے گا،اگر یہ ڈٹ جاتے تحریک انصاف کی 10 سیٹیں ہوتیں،انہوں نے خود اندر سے یہ کچھ کیا ہے ۔فیصل واوڈا نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ علی امین گنڈا پور جانے والے تھے ان کو بچانے کیلئے حکومت آگئی ،عمران خان کے ہاتھ میں یہ کنٹرول ہوتاتو علی امین گنڈا پور کب کے جاچکے ہوتے ،علی امین گنڈا پور اب کہیں نہیں جارہے ، قاسم اور سلیمان پاکستان نہیں آئیں گے ، کیونکہ پاکستان آنے پر قاسم اور سلیمان کی زندگیوں کو خطرہ ہو سکتا ہے ،تحریک انصاف نے ان کے آنے کا بھیانک کھیل رچا یاہوا تھا۔