2028کے دوران مہنگائی 6.5 فیصد رہنے کا امکان
اسلام آباد(مدثر علی رانا)حکومت نے مالی سال 2028 تک قرضوں کا حجم بلحاظ جی ڈی پی 61.5 فیصد تک لانے کا ہدف رکھا ہے جبکہ اس دوران مہنگائی 6.5 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
مڈٹرم ڈیٹ سٹر ٹیجی رپورٹ 2026-28 کے مطابق قرضوں پر سود ادائیگیوں کا بوجھ بلحاظ جی ڈی پی 7.8 فیصد سے کم کر کے 4.9 فیصد، بیرونی قرضوں کو 18 فیصد تک لانے کا ہدف، مقامی قرضوں اوسطاً میچورٹی ٹائم ساڑھے 4 سال مقرر کر دیا گیا ہے ۔ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 7.5 فیصد، آئندہ مالی سال 6.8 فیصد اور مالی سال 2028 کے دوران 6.5 فیصد تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ اسی طرح رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد، آئندہ مالی سال 5.1 فیصد اور مالی سال 2028 کے دوران گروتھ کا تخمینہ 5.7 فیصد لگایا گیا ہے ۔ مڈٹرم ڈیٹ سٹر ٹیجی رپورٹ کے مطابق وفاقی پرائمری سرپلس رواں مالی سال 1.3 فیصد، آئندہ مالی سال 1 فیصد اور مالی سال 2028 کے دوران بھی 1 فیصد تک رہے گا۔ مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا رواں مالی سال 5.0 فیصد، آئندہ مالی سال 4.5 فیصد اور مالی سال 2028 کے دوران 3.9 فیصد تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔