انسداد دہشتگردی قانون جمہوریت پر شب خون : حافظ نعیم
لاہور(سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے انسداد دہشت گردی کے قانون کو مسترد کرتے ہوئے اسے جمہوریت پر ایک اور شب خون قرار دیا ہے۔
منصورہ میں تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے بعد ملک میں عدالتی نظام ناکارہ ہو چکاہے ، جو پہلے ہی اتنے بے باک ہیں کہ جس کو چاہیں اٹھا لیتے ہیں انہیں انسداد دہشت گردی قانون سے اندھی طاقت دے دی گئی۔ سسٹم کو طاقت کے ذریعے کنٹرول کیا جارہا ہے ، 26ویں ترمیم پاس کرانے والی تمام سیاسی پارٹیاں قوم کی مجرم ہیں۔ ایم کیو ایم اور سندھ کی حکمران پارٹی کراچی سے ایک سیٹ نہیں جیتی، تاہم مقتدرہ نے دونوں میں تمام سیٹیں بانٹ دیں اور قبضہ میئر بھی مسلط کردیا۔ بلاشبہ کراچی میں تیز بارش ہوئی تاہم جب نالوں کی صفائی کی بجائے کاغذوں میں صفائی لکھ کر کروڑوں کا غبن ہوگا، سڑکیں ٹھیک نہیں ہوں گی تو بڑی تباہی کو کیسے روکا جاسکتا ہے ؟،قبضہ میئر نہ ہوتا تو کراچی میں بارشوں سے اتنی تباہی نہ آتی، جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے اورہمارے ہاں مسلک پرستی کی کوئی جگہ نہیں، ہم تمام مسالک کا احترام کرتے ہیں۔ قوم پرستی کی سیاست ملک و قوم کے لیے زہر قاتل ہے ۔