فیصل آباد : رانا ثنااللہ کے گھر پر حملےکاکیس، عمرایوب،شبلی فراز سمیت 75 ملزموں کو 3 سے 10 سال تک قید کی سزائیں

فیصل آباد : رانا ثنااللہ کے گھر پر حملےکاکیس، عمرایوب،شبلی فراز سمیت 75 ملزموں کو 3 سے 10 سال تک قید کی سزائیں

فیصل آباد(سٹی رپورٹر، دنیا نیوز)فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ کے گھر پر حملہ کیس کا فیصلہ سنادیا۔ مجموعی طور پر 109 ملزموں کا ٹرائل ہوا ،پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب ، شبلی فرازسمیت 75 ملزموں کو3سے 10 سال تک قید کی سزا ئیں سنائی گئیں۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز ، زرتاج گل ، ایم پی اے اسماعیل سیلا ، ایم پی اے شیخ شاہدسمیت 59 نامزد ملزموں کو 10، 10 سال ، 16ملزموں کو 3، 3 سال قیدجبکہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری اور شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی سمیت 34 کو بری کر دیا گیا۔ تھانہ سمن آبادکے علاقے میں واقع مشیر وزیر اعظم رانا ثنائاللہ کے گھر پر 9مئی 2023 کو مشتعل افراد کی جانب سے حملہ آور ہوتے ہوئے تھوڑ پھوڑ کی گئی، جلاؤگھیراؤ اور پتھراؤکیا گیا۔ سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت کرنے کے ساتھ مرکزی شاہراہوں کو بلاک کردیاگیا جس سے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جس پر تھانہ سمن آباد میں دہشت گردی، اقدام قتل، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت کرنے سمیت دیگر دفعات کے تحت تھانہ سمن آباد میں مقدمہ نمبر 732 درج کیا گیا تھا۔ جس پر انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی اور گزشتہ روز عدالت کی جانب سے مقدمہ کا فیصلہ سنایا گیا، جس میں مجموعی طورپر 109 افراد کا ٹرائل ہوا۔

سزاپانے والوں میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، مرکزی رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز، زرتاج گل اورکنول شوزب ، شیخ راشد شفیق، محمد اشرف خان سوہنا، رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ اقبال، فرح آغا، فرخندہ کوکب، چودھری بلال اعجاز، محمد احمدچٹھہ، چودھری آصف علی، شکیل احمد خان نیازی، سردار عظیم اللہ ، مہر محمد جاوید، محمد انصر اقبال،ایم پی اے ملک اسماعیل سیلا، ثنائاللہ شامی، حماد نواز، بلال عرف لالی گجر، میاں راشد ، خوش بخت رضا شاہ، نقاش عرف کاشف، ملک عمر نواز، عمران عرف جنگا جٹ، میاں جواد، عبدالرحمن ولد وارث علی، دانش بھٹو، ذیشان حسن عرف شانی، اسحاق غوری، میاں راشد ندیم، علی حیدر، محمد خالد ، عطاء جیلانی، محمد جمیل، تنویر علی ، احتشام، امجد شہزاد، محمد ابرار، حسن یوسف، اخلاق احمد ، محمد زبیر ، سفیان ، محمد سرفراز ، محمد عمیر، مشتاق احمد، محمد حارث ، محمد ریاض، عزیز الرحمن، لقمان حیدر، حذیفہ عارف، شہباز فاروق، محمد الیاس، تنویر حسین، یونس جٹ، محمد ارسلان ، بابر سلطان اور محمد عمر انور سمیت 59 ملزموں کو دس دس سال قید کی سزا کا حکم سنایا گیا۔

جبکہ ایم پی اے شیخ شاہد ، جبران، ابوسفیان،محسن، محمد ارسلان، افضال، طیب، اسرار شاہد، عبدالرحمن ، عرفان خالد، ارسلان اقبال ، شعیب بٹ، نجم الثاقب، زبیرقمرولد قمر جاوید، اورنگزیب اور محمد رفیق سمیت 16 ملزموں کو تین تین سال قیدکی سزا کا حکم سنایاگیا۔ مخدوم زین حسین قریشی، فواد چودھری ، سلطان اشرف عرف پاشا، شکیل احمد جٹ، سید حماد علی شاہ، محمد یاسین جٹ، محمد امتیاز، ذوالفقار بھٹو، محمد بلال یوسف، منصب علی زین، ملک ساجد مصطفی، ملک چاند، محمد احمد ساغر، محمد عمران، نوید خان جدون، جارج فرحان، حمزہ حکیم، محمد حمزہ ولد انعام الٰہی ، محمد سلیمان، فرقان زاہد، ارسل جواد، محمد اصغر، وسیم یونس عرف چٹا، شاہد پرویز، محمد شکیل ولد شریف، محمد کاشف ، تیمور الرحیم، محمد شاہد ، ماحلے خان، محمد نعیم اکرم، محمد یعقوب، مقبول احمد، ملک شرافت، وقاص حمید سمیت 34 افراد کو بری کردیاگیا۔ گزشتہ روز عدالت میں فیصلے کے وقت پی ٹی آئی کے رہنما یا کارکن تو موجود نہ تھے صرف پی ٹی آئی وکلاء کی موجودگی میں عدالت کی جانب سے فیصلہ پڑھ کر سنایا گیا۔

یاد رہے کہ فیصل آباد میں 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے 4 مقدمات درج ہوئے تھے جس میں سے 3 کے فیصلے پہلے سنا دئیے گئے تھے ، چوتھا مقدمہ رانا ثنا ئاللہ کے گھر پر حملے اور توڑ پھوڑ کا سمن آباد تھانے میں درج ہوا تھا جس میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت سمیت 109 افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔ چند روز قبل بھی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے محمد احمد چٹھہ، احمد خان بھچر، یاسمین راشد اور محمود الرشید سمیت دیگر ملزموں کو 9 مئی کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال کی سزا سنائی تھی۔ پی ٹی آئی نے اس مقدمے میں سنائی جانے والی سزاؤں کو ناانصافی قرار دیا ہے ۔پی ٹی آئی کے رہنما ذلفی بخاری کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ 9 مئی کی آڑ میں عام شہریوں، ان کے خاندانوں اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے ساتھ نہ صرف ناانصافیاں کی جا رہی ہیں بلکہ انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے ، زندگیاں برباد کی جا رہی ہیں اور ان پر ناقابلِ سوچ ظلم کیا جا رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں