تجارت، سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے، تھائی کاروباری برادری مراعات سے فائدہ اٹھائے : مریم نواز

تجارت، سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے، تھائی کاروباری برادری مراعات سے فائدہ اٹھائے : مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اعزاز میں تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں ممتاز کاروباری شخصیت تھکسان شینا وترا نے عشائیہ تقریب کا انعقاد کیا۔ تھائی لینڈ کی کم عمر ترین پہلی خاتون سابق وزیر اعظم پائیتونگترن شینا وترا نے بھی شرکت کی۔

تھائی لینڈ کے سابق وزیر اعظم تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی نے وزیر اعلیٰ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ تھکسان شینا وترا نے نواز شریف کے لئے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کا پیغام دیا۔ دونوں سابق وزرائے اعظم نے وزیراعلیٰ کے پنجاب کی ترقی کے وژن اور اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے تھکسان شینا وترا اور پائیتونگترن شینا وترا کی تھائی لینڈ اور عوام کی ترقی کے لئے کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا آپ کی اصلاحات اور عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات کے تھائی لینڈ پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ۔ پاکستان اور تھائی لینڈ کی دوستی باہمی احترام اور معاشی تعاون پر مبنی ہے ۔ جدت اور عوام کی خدمت پنجاب کی ترقی کا وژن ہے ، آپ کا تعاون اس کی رفتار کوبڑھا سکتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ٹیکسٹائل، زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی میں تجارت و سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے ہیں۔ تھائی لینڈ کی کاروباری برادری مراعات سے فائدہ اٹھائے ، پنجاب سے علاقائی منڈیوں تک رسائی آسان ہے ۔ مریم نواز نے عشائیہ تقریب کے اہتمام پر تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب کے دورے کی دعوت بھی دی۔

دریں اثنائوزیر اعلیٰ مریم نواز نے سیلابی ریلے کی آمد کے پیش نظر آبادی کا بروقت انخلا یقینی بنانے اور جانی نقصان سے بچاؤ کے لئے تمام تر میسر وسائل مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے دریاؤں ندی نالوں کے اردگرد آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی اوردیہاتی علاقوں سے مال مویشیوں کی بروقت منتقلی کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا ستلج اور دیگر دریاؤں کی طغیانی کی صورتحال کی مانیٹرنگ اورسیلابی ریلے سے متاثرہ افراد کے قیام وطعام اور علاج کے بہترین انتظامات کئے جائیں ۔وزیر اعلیٰ نے قصور، پاکپتن، تونسہ اور دیگر علاقوں میں انتظامیہ، ریسکیواوردیگر تمام اداروں کو ہمہ وقت مستعد رہنے کا حکم بھی دیا۔دریں اثنائوزیراعلیٰ مریم نواز نے الیکٹرک بسوں سے متعلق پیغام میں کہا ہے مزید 100 بسیں 2 روز قبل شنگھائی بندرگاہ سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئی ہیں،پنجاب کے ہر ضلع میں دسمبر تک جدید ترین الیکٹرک بسیں موجود ہوں گی جن کا کرایہ صرف 20 روپے ہو گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں