ہنگو : ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ، 3 جوان شہید، 5 دہشتگردہلاک :ڈی جی خان میں دھماکا خیز مواد ناکارہ بنا دیا
پشاور،ڈی جی خان(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے دو آبہ میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کی چیک پوسٹ (قلعے) پر فتنہ الخوارج کے حملے میں 3 اہلکار شہید اور 17 زخمی ہو گئے جبکہ خوارجیوں کیخلاف بھرپور جوابی کارروائی میں سہولت کار سمیت 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ایس پی آپریشنز اسد زبیر کے مطابق دوآبہ کے علاقے طورہ وڑی میں فیڈرل کانسٹیبلری قلعے پر حملہ کیا گیا،پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 جوان شہید اور 17 زخمی ہوئے ۔ ڈی پی او کے مطابق خوارجیوں کیخلاف بھرپور جوابی کارروائی میں سہولت کار سمیت 5 خوارجی ہلاک ہوگئے ، سہولت کار دہشت گردوں کے ساتھ ملا ہوا تھا، طوری وڑی میں پولیس اور ایف سی کا مشترکہ آپریشن جاری ہے ۔ایس پی اسد زبیر کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو دوآبہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔شہدا نائیک صادق حسین، سپاہی عبدالغفار اور سپاہی زیور خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور ،آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید ، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور ایف سی کے سینئر افسروں اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، محسن نقوی نے کہا جوانوں نے جان دے کر بھارتی سپانسر ڈدہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا۔ انہوں نے زخمی جوانوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی اورکہا شہید جوانوں کی جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔
شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔دریں اثنا خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں دفعہ 144 کے تحت نقل وحرکت پر پابندی عائد کردی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی سکیورٹی خدشات اور فورسز کے سامان کی ترسیل کے باعث لگائی گئی ہے ، تحصیل برمل میں پابندی کا نفاذ صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک رہے گا۔دوسری جانب پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پنجاب کے پی کے سرحدی علاقے میں نصب آئی ای ڈی کو برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا۔ بتایا گیا کہ پولیس، ایس او یو اور ایلیٹ فورسز نے قبائلی علاقہ جادے والی میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران جادے والی قبرستان کے قریب سے سکیورٹی فورسز پر حملے کی غرض سے نصب آئی ای ڈی برآمد ہوئی، جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔