سلمان اکرم کا پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان : حماد اظہر کاضمنی الیکشن لڑنے سے انکار
لاہور،اسلام آباد ، (سیاسی نمائندہ ،سپیشل رپورٹر، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ایکس پر اپنے پیغام میں سلمان اکرم نے کہا کہ آج ایک ایسا واقعہ ہوا ہے جو اب مجھ سے دو ٹوک فیصلے کا تقاضا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری زندگی کھلی کتاب ہے۔ میرا کوئی عمل کسی اصول سے متصادم نہیں، فکری و معاشی دیانت پر سمجھوتہ مجھے قبول نہیں۔سلمان اکرم نے کہا کہ گزشتہ منگل بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علی بخاری کے ذریعے پیغام پہنچایا تھا، بانی نے میری بھیجی گزارش تسلیم نہ کی۔ آج منگل کو میں عمران خان سے گزارش کر کے عہدے سے علیحدہ ہو جاؤں گا، میری وکالتی خدمات بلامعاوضہ حاضر رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ میں کوئی روایتی سیاست دان نہیں، نہ جاگیردار، نہ مل اونر، تاہم میرا مختصر خاندان میرے ساتھ کھڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی کے اندر اور باہر سے ہر قسم کے رقیق حملوں کو سہا ہے ، کوئی ملال نہیں، اپنی بھرپور وکالت کو پس پشت ڈال کر معاشی بے یقینی کو بخوشی قبول کیا۔سلمان اکرم نے کہا کہ مجھے بیس جھوٹے دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث کیا گیا، جیل سے نہیں ڈرتا، اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا، پارٹی کے اندر اور باہر ہر قسم کے حملے برداشت کیے اور ڈٹ کر کھڑا رہا، آئندہ بھی بانی کے ساتھ کھڑا رہوں گا اور اپنی وکالتی خدمات بلامعاوضہ جاری رکھوں گا۔ادھر رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے این اے 129 سے الیکشن نہ لڑنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔
ایکس پر اپنے پیغام میں حماد اظہر نے ارسلان احمد کو ٹکٹ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کی انتخابی مہم کی انچارج میری ہمشیرہ ہوں گی۔رہنما تحریک انصاف حماد اظہر کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا ہے میرے والد کی خالی ہونے والی نشست پر ان کے بھانجے چودھری ارسلان ظہیر کو الیکشن لڑایا جائے گا۔حماد اظہر نے کہا کہ میرے لئے انتخابی مہم میں حصہ لینا ممکن نہیں اور نشست جیت کر حلف لینا بھی ممکن نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ارسلان کے والد 2020 میں کوویڈ سے انتقال کر گئے جس کے بعد میرے والد میاں اظہر مرحوم نے ان کی سرپرستی کی اور وہ انہیں اپنا دوسرا بیٹا تصور کرتے تھے ۔حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ان پر 9 مئی کا کوئی جعلی مقدمہ بھی نہیں ۔ادھرضمنی الیکشن کے حوالے سے معاہدہ کے تحت پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔
این اے 129 سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں چودھری آصف ناگرہ، طاہرہ حبیب جالب اور فرحت نور نے این اے 129 سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ۔ پی پی 87 میانوالی سے بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار زبیر حمزہ اور ایاز خان نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ۔این اے 66وزیر آباد سے اعجاز احمد سمہ اور طاہر اقبال چیمہ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ۔ پیپلز پارٹی( ن) لیگ سے انتخابی معاہدے کے تحت پنجاب کے 4 حلقوں سے ضمنی الیکشن میں حصہ لے گی۔پیپلز پارٹی پی پی 98، این اے 143، این اے 175 اور این اے 185 میں اپنے امیدوار اتارے گی،پیپلز پارٹی نے چاروں حلقوں کے لئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں،لاہور سمیت پنجاب کے دیگر حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی ن لیگ کے امیدوار کو سپورٹ کرے گی۔