صوبہ ہزارہ کی شرائط پوری ،رابطہ کمیٹی تشکیل دیدی :سرداریوسف
اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے ،خصوصی نامہ نگار ،اے پی پی)صوبہ ہزارہ تحریک کے چیئرمین و وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ صوبہ ہزارہ سمیت دیگر چھوٹے صوبے بننے چاہئیں ، قومی سطح پر رابطوں کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ہزارہ صوبہ بننے کی تمام شرائط پوری کرتا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں صوبہ ہزارہ تحریک کی سپریم کونسل کے اجلاس کے بعد نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہزارہ کی تمام جماعتوں کے نمائندگان سینیٹر محمد طلحہ محمود، مرتضی جاوید عباسی، کیپٹن (ر) محمد صفدر، عبدالرزاق عباسی، پروفیسر سجاد قمر سمیت دیگر نے خطاب کیا ، وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کے حوالے سے تمام جماعتوں کے سربراہان،پارلیمانی لیڈروں، سپیکر ، چیئرمین سینیٹ وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے ۔ ہم اپنے قائد نوازشریف کو بھی موقف سے آگاہ کرینگے ، سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ ہزارہ صوبہ تمام اقوام اور جماعتوں کا متفقہ اور مشترکہ مطالبہ ہے اور ہزارہ صوبے کے لیے تمام شرائط پوری ہیں، ہم ایوان کے اندر اور باہر ہر سطح پر جدوجہد کریں گے ۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ ہزارہ صوبہ اخراجات خود پورے کرے گا ، دریں اثنا سالانہ رحمت العالمینؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کلمے کے نام پر حاصل کیا گیا اسلامی نظام کا نفاذ ہماری ترجیحات میں شامل ہے مذہبی امور نے وزارت تعلیم کو خصوصی ایکٹ کے ذریعے پاپند کیا ہے کہ پہلی سے چھٹی جماعت تک ناظرہ قرآن مجید اور چھٹی جماعت سے بارہویں تک ترجمہ القرآن تمام پرائیویٹ اور سرکاری سکولوں کالجوں میں لازمی قرار دیا گیا ہے خاتم النبیین ؐ اتھارٹی کو بھی فعال بنایا جا رہا ہے ۔