سیلابی ریلوں سے ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ، زرعی بحران
اسلام آباد (نیوز مانیٹرنگ )پنجاب میں حالیہ سیلاب نے ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ کر دیں۔ابتدائی تخمینوں کے مطابق صوبے کی 60 فیصد چاول، 30 فیصد گنا اور کپاس کی پیداوار میں 35 فیصد کمی متوقع ہے جو سالانہ ہدف سے کہیں کم ہے ۔
پاکستان بزنس فورم کے مطابق یہ تباہی وسطی پنجاب میں پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی، بلوم برگ کے مطابق پاکستان کی مجموعی سالانہ غذائی اجناس کی پیداوار میں پنجاب کاحصہ 68فیصد ہے ۔وزارتِ خزانہ نے اپنی حالیہ ماہانہ معاشی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ سیلابی نقصانات سے مالی دباؤ مزید بڑھے گا اور غذائی سپلائی متاثر ہوگی۔پاکستان بزنس فورم کے نائب صدر احمد جواد کا کہنا ہے کہ پنجاب کے گوداموں میں ذخیرہ شدہ گندم بھی نقصان کا شکار ہوئی جس کے بعد اضافی درآمدات کی ضرورت پڑ سکتی ہے ،زرعی اجناس کی قیمتوں میں پچھلے چند ہفتوں میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ پاکستان کویت انویسٹمنٹ کراچی کے ہیڈ آف ریسرچ سمیع اللہ طارق کے مطابق زرعی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ کم پیداوار، سپلائی چین میں رکاوٹوں اور حکومتی کنٹرول کے فقدان کی وجہ سے ہوا ہے ۔