وزیراعظم کی بی ٹو بی سرمایہ کاری کیلئے اعلیٰ چینی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں،ہسپتال کا دورہ

وزیراعظم کی بی ٹو بی سرمایہ کاری  کیلئے اعلیٰ چینی کاروباری شخصیات  سے ملاقاتیں،ہسپتال کا دورہ

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے چین اور پاکستان کے درمیان بی ٹو بی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ چینی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

بدھ کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے بیجنگ میں چین کے سرکردہ کاروباری اداروں کے سینئر ایگزیکٹوز کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ بات چیت میں ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت، کان کنی اور معدنیات، سڑک اور ڈیجیٹل رابطے ، ای کامرس اور خلائی ٹیکنالوجیز سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیر اعظم نے چینی اداروں کو دعوت دی کہ خاص طور پر صنعتوں کو خصوصی اقتصادی زونز میں منتقل کرنے کے لیے وہ پاکستان کو اپنی ترجیحی سرمایہ کاری کی منزل سمجھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں آنژن ہسپتال کا دورہ بھی کیا انہوں نے ہسپتال میں دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔ دورے میں وزیراعظم کو آنژن ہسپتال میں موجود سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کو اسلام آباد میں زیر تعمیر منصوبوں اور وزارت صحت کو اسلام آباد میں زیر تعمیر جناح میڈیکل کمپلیکس اور دیگر ہسپتالوں میں آنژن ہسپتال کی طرز پر سادہ، مضبوط اور پائیدار انفراسٹرکچر قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پاکستان میں زیر تعمیر ہسپتالوں میں چین کی طرز پر معیاری سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں