گوجرانوالہ:2مقابلے ،4ڈاکوساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
گوجرانوالہ،وزیرآباد،لدھیوالہ وڑائچ(کرائم رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ضلع گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں سی سی ڈی کے ساتھ 2مبینہ مقابلوں میں 4ڈاکو ہلاک اور2اہلکار زخمی جبکہ 5ڈاکو فرار ہوگئے۔
بتایاگیاہے کہ تھانہ اروپ کے علاقے گوندلانوالہ میں نہر کی پٹڑی پر سی سی ڈی ٹیم علیٰ الصبح اشتہاری ملزموں کی تلاش میں سرچنگ کر رہی تھی ،اہلکاروں نے دو موٹر سائیکلوں پر آنے والے پانچ ملزموں کو رکنے کا اشارہ کیا توانہوں نے فائرنگ کر دی ،فائرنگ کے تبادلے میں 2ڈاکوسانول سکنہ وزیرآباداورعلی احمد عرف کوڈو سکنہ راج کوٹ اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوگئے جبکہ 3فرار ہوگئے ،ہلا ک ہونیوالے ڈاکودرجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔دوسری طرف تھانہ صدر کے علاقہ بھروکے راجباہ کے قریب سی سی ڈی گوجرانوالہ کے اہلکاروں نے ناکہ لگا رکھا تھا کہ دو موٹرسائیکلوں پرسوار چار افراد کو ناکہ پر روکا گیاتو انہوں نے فائرنگ کردی ،فائرنگ رکنے پر ملزم یاسر المعروف کانا گجر سکنہ راہوالی کینٹ اور عمیر طالب سکنہ نوشہرہ روڈ گوجرانوالہ مردہ حالت میں پڑے ملے جو اپنے ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہو ئے ،2ڈاکو موٹرسائیکل پر فرارہوگئے ۔سی سی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ ڈاکووں کے ساتھ مقابلوں کے دوران دو پولیس اہلکار ندیم اور قاسم شدید زخمی ہو گئے ،فرارہونے والوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔