ساہیوال : امراض قلب انسٹیٹیوٹ میں کام شروع، لاہور نہیں آنا پڑے گا : مریم نواز

ساہیوال : امراض قلب انسٹیٹیوٹ میں کام شروع، لاہور نہیں آنا پڑے گا : مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایکس پر ساہیوال کی عوام کے لیے پر مسرت پیغام میں کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ منگل کو ساہیوال ڈویژن کے پہلے امراض قلب انسٹی ٹیوٹ نے کام شروع کر دیا ہے۔ چند ماہ کی ریکارڈ مدت میں ساہیوال کی پہلی کیتھ لیب (Cath Lab) نہ صرف مکمل ہوئی بلکہ منگل کو پہلے پانچ پروسیجر ز بھی کئے گئے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ساہیوال میں اگلے ہفتے سے ہارٹ سرجری بھی کی جائے گی۔ مریضوں کو اب امراض قلب کے علاج اور سرجری کے لیے لاہور نہیں آنا پڑے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی ہے اور خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہا رکیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا سعودی عرب میں قومی دن کا جشن ہے تو پاکستان بھی خوش ہے ۔ سعودی عرب پاکستان کا محض دوست نہیں، ہر مسلمان کے لئے محبت اور عقیدت مقام ہے ۔ مریم نواز نے کہا کڑے وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے پر سعودی قیادت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔

سعودی عرب کی پاک سرزمین امت مسلمہ کے لئے ایمان و عقیدہ حوصلہ اور اتحاد کی علامت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا قوم پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدے پر فخر محسوس کرتی ہے ۔ معاہدہ محض الفاظ نہیں امت مسلمہ کی ڈھال کے مترادف ہے۔ سعودی عرب میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا گو ہیں۔وزیر اعلیٰ نے رائیونڈکے سیوریج ڈسپوزل کنویں میں ڈوبنے سے تین افراد کے جاں بحق ہونے پرافسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا اور حفاظتی آلات کے بغیر کنویں میں مزدوروں کو اتارنے پر رپورٹ طلب کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں