صوبوں کی محرومیوں کا بوجھ پنجاب پر ڈالناناانصافی، سعد رفیق

صوبوں کی محرومیوں کا بوجھ پنجاب پر ڈالناناانصافی، سعد رفیق

لاہور (سیاسی نمائندہ)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دن رات صوبے کی ترقی کیلئے خود کو وقف کر رکھا ہے اور جہاں ضرورت ہے وہاں فنڈز فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں۔

پنجاب نے قیامِ پاکستان سے اب تک ملک کو جوڑنے کا کردار ادا کیا ہے مگر بدقسمتی سے اکثر صوبوں کی محرومیوں کا بوجھ پنجاب پر ڈال دیا جاتا ہے جو ناانصافی ہے ۔چار ارب روپے کی لاگت سے ہربنس پورہ سے جوڑے پل تک ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں جبکہ واسا نے ٹنل بورنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے سیوریج سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے ۔ جو لاہور کی تاریخ میں پہلی بار کیا جا رہا ہے ۔ لاہور ڈویلپمنٹ پیکیج ایک انقلابی پروگرام ہے جس سے عوام کو براہ راست سہولتیں میسر آئیں گی۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے صدر کینٹ میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چودھری شہباز کے ہمراہ شرکت کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔تقریب میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور میگا پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں تقسیم بھی کیا گیا، کاٹا بھی گیا، لیکن ہماری قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا گیا۔سعد رفیق نے فوج، ملک اور قومی اداروں کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فوج یا پولیس کی وردی میں موجود اتھارٹی کو چیلنج نہیں کرنا چاہیے ۔ اگر کوئی کور کمانڈر یا فوج پر حملہ کرے گا تو پھر ریاست کو اپنا حق استعمال کرنا پڑے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں