توشہ خانہ ٹو :سوالات کے جواب داخل نہ کروائے جا سکے

 توشہ خانہ ٹو :سوالات کے جواب داخل نہ کروائے جا سکے

راولپنڈی (خبر نگار)سنٹرل جیل اڈیالہ میں جاری توشہ خانہ ٹو کی سماعت کے آخری مرحلے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے 342 کے تحت سوالات کے جواب عدالت میں داخل نہ کروائے جا سکے ۔

 ملزموں کے وکلا کی جانب سے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی ۔عدالت نے ملزموں کو آج 342کے سوالات کے جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی ۔توشہ خانہ ٹو کی اڈیالہ جیل میں ہونیوالی سماعت سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی کو جیل سے عدالت پیش کیا گیا بانی کی بہنیں ،سینیٹرعلی ظفر،سینیٹر مشال یوسفزئی،سلمان اکرم راجہ بیرسٹر سیف،بشریٰ بی بی کی بھابھی بھی عدالت موجود تھیں ۔وکلا کی جانب سے بتایا گیا کہ 342 کے تحت جو سوالات دیئے گئے تھے۔

ان کے جوابات کی تیاری کے لئے وقت درکار ہے سوموار تک مہلت دی جائے تاہم عدالت نے وکلا کی استدعا منظور کرنے کی بجائے انھیں ہدایت کی ہے کہ آج جوابات داخل کروائیں عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت آج جمعرات تک ملتوی کردی۔بانی کی 7 مقدمات میں بعدازگرفتاری درخواست ضمانتوں پر سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے ۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی کے خلاف تھانہ سٹی ،نیوٹائون ، سول لائنز،نصیر آباد ، ٹیکسلا ، وارث خان میں مقدمات میں دائر درخواست ضمانتوں پر سماعت کی دوران سماعت وکلا صفائی نے درخواست ضمانت پر دلائل کے لیے مہلت طلب کرتے ہوئے استدعا کی درخواست ضمانتوں پر بحث کے لیے تیاری کرنی ہے عدالت نے وکلا کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں